جیل میں موجود شخص ہی ملکی تباہی کا ذمہ دار ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ملک میں جو تباہی ہو رہی ہے اس کا ذمہ دار ایک ہی شخص کا جو جیل میں موجود ہے، 2014 سے لے کر اب تک سیاسی عدم استحکام کی وجہ بھی یہی شخص ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور وفاق پر قبضہ اس لیے کرنا چاہتا ہے کہ یہ لوگ ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، 2014 سے آج تک ملک کی غیر مستحکم صورتحال کا ذمہ دار اڈیالہ جیل میں ہے۔

’اڈیالہ جیل میں قید شخص نے ملکی صورتحال کو غیر مستحکم کیا، سپریم کورٹ سے من مانی فیصلے کروائے اور ذاتی مفاد کے لیے حکومتوں کو گرایا‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی سیاسی جماعتیں اس بات پرغور کریں تو معلوم ہوگا کہ اسمبلیاں اور پارلیمنٹ پر بھی ان کا قبضہ ہوچکا ہے، کیونکہ ادھر نہ تقریر ہوتی ہے نہ بحث ہوتی ہے صرف احتجاج ہی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں قید شخص نے جرم کیا ہے، سرکاری تنصیبات اور کور کمانڈر ہاؤس جلانے پر کیا ان کو تمغہ خدمت امتیاز ملنا چاہیے؟

’علی امین گنڈا پور سرکاری سطح پر مرکز میں قبضہ کرسکتا ہے اور 3 بار کی طرح اس بار بھی وہ سرکاری سرپرستی ہی میں آئے گا‘۔

ملک احمد خان نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسان کو ہر صورت ریلیف دے گی، بڑی تعداد میں پرائیویٹ سطح پر گندم امپورٹ کی گئی ہے جو اب رکھ بھی نہیں سکتے۔ زیادہ گندم کاشت ہوگی تو امپورٹ بھی ہوگی، کسان کو ہر چیز کرنا پڑی گی جس سے کسان کو ریلیف ملے گا۔

’امپورٹ والی گندم بری ہے اوپن مارکیٹ میں 2500روپے ہے، اور سپورٹ پرائس 39سو روپے ہے‘۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی پچھلی حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی کسی کو کوئی شک ہے یا کوئی ثبوت چاہیے کہ پرویز خٹک کی قیادت میں اٹک پل پر یہ لوگ کیا لینے آئے تھے۔ اس وقت علی امین کی گاڑی سے شہد بھی برآمد ہوا تھا اور یہ لوگ الٹے پیر بھاگے تھے۔

واضح رہے گزشتہ روز علی امین گنڈا پور نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق ہمارا حق نہیں دے گی تو ہم وفاق پر قبضہ کرلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp