امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج کے دھرنے میں شامل ہونے کے لیے پورے پاکستان سے قافلے چلے ہیں۔ ہمارے کارکنان تمام تر فسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود جس طرح بھی ہو، اسلام آباد پہنچیں۔ ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن رہنا چاہتے ہیں، اب امن کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی کہ وہ کس طرح امن قائم رکھتی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر صورت میں اسلام آباد پہنچنا ہے اور یہاں دھرنا دینا ہے۔ حکومت نے اسلام آباد کو کینٹینروں سے بند کر دیا ہے، لیکن جہاں رکاوٹ ہوگی وہیں دھرنا دیا جائے گا، ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کردیں گے۔ تمام کارکنان کسی بھی حالت میں آئندہ حکمتِ عملی کے لیے قیادت کے احکامات کا انتظار کریں گے۔
ہم حکومت کو بتائیں گے کہ عوام اور جماعتِ اسلامی کے راستے کو روکا نہیں جا سکتا۔ ہمیں بجلی کے بلوں میں کمی چاہیے، ہمیں آئی پی پیز سے جان چھڑانی ہے، ہمیں تنخواہ دار کے سلیب کو ختم کروانا ہے۔ ہمیں آٹا، دالیں، چینی اور چائے پر لگے ٹیکس ختم کروانے ہیں۔
مزید پڑھیں:دھرنا روکا گیا تو جدوجہد حکومت گراؤ تحریک میں بدل جائے گی، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے نکلے ہیں۔ ہر راستہ ہر قافلہ اسلام آباد کی طرف آئے گا۔ گھروں سے نکلیں اور اسلام آباد پہنچیں، ہم حکومت کو بتائیں گے کہ اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کا احتجاج، شہر میں کرفیو کا سماں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور جے یو آئی ف نے اپنی اپنی سطح پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا تھا جبکہ جماعت اسلامی نے بھی مہنگائی اور بجلی کی زائد قیمتوں کیخلاف اسلام آباد کے ڈی چوک پردھرنے کی کال دی ہوئی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو دھرنے کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھاپے گرفتاریاں ان کا راستہ نہیں روک سکتے، اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا گیا تو حالات خراب ہونے کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔
مزید پڑھیں:حکومت نے دھرنا روکا تو کیا کرنا ہوگا؟ جماعت اسلامی نے کارکنان کو ہدایات جاری کردیں
حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے اس احتجاج کو روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینرزلگا کرراستے بند کردیے ہیں جس سے شہریوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہورہی ہے۔
جمعرات کو رات گئے شہر اقتدار میں کنٹینرز لگاکر راستے مسدود کرنے کا آغاز کردیا گیا تھا، جو صبح تک جاری رہا۔ اس وقت اسلام آباد کے داخلی راستوں پر 8 مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
لاہور سے راولپنڈی آنے والے جی ٹی روڈ کو ٹی چوک روات کے مقام پر بند کرتے ہوئے شہریوں کو براستہ راولپنڈی صدر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پشاور سے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لیے بھی جی ٹی روڈ کو بند کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسلام آباد موٹروے سے اسلام آباد آنے والی مصروف ترین شاہراہ سری نگر ہائی وے کو بھی رہائشی سیکٹر جی 14 کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:26 جولائی کو اسلام آباد میں شروع ہونے والا دھرنا حق ملنے تک جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان
جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد کو بھی اس وقت کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، جہاں پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، دارالحکومت کے ریڈ زون جانے والے راستے سرینا چوک اورڈی چوک جانے والے راستے کوایمبیسی روڈ پرکنٹینرزلگا کربند کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج، کون کون سے راستے بند ہیں؟
اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال کی وجہ سے ٹریفک کے لیے ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ عوام الناس کی رہنمائی کے لیے ذیل متبادل راستے متعین کیے گئے ہیں۔ شہری ضرورت پڑنے پر متبادل راستے استعمال کریں:
1۔ روات ٹی کراس بند ہونے کی صورت میں تمام حضرات راولپنڈی، صدر روڈ استعمال کریں۔
2۔ پشاور جی ٹی روڈ بند ہونے کی صورت میں تمام حضرات موٹر وے استعمال کریں۔
3۔ سری نگر ہائی وے 14G بند ہونے کی صورت میں تمام حضرات اسلام آباد آنے جانے کے لیے پشاور روڈ، جی ٹی روڈ، میر آباد، کرنل شیر خان روڈ استعمال کریں۔

4۔ فیض آباد بند ہونے کی صورت میں راولپنڈی سے آنے والے تمام حضرات کھنہ پل، لہترار روڈ، کیپٹن طفیل شہید روڈ، پارک روڈ استعمال کریں۔
5 فیض آباد مری روڈ بند ہونے کی صورت میں راولپنڈی سے آنے والے تمام حضرات9th ایونیو استعمال کریں۔
6۔ زیرو پوائنٹ بند ہونے کی صورت میں تمام حضرات فیصل ایونیو اور جناح ایونیو استعمال کریں۔
7۔ ڈھوکڑی چوک، سرینا ہوٹل بند ہونے کی صورت میں آنے جانے والے حضرات سری نگر ہائی وے، 7thایونیو استعمال کریں۔
8۔ ایمیسی روڈ بند ہونے کی صورت میں شہید ملت روڈ، چائنا چوک انڈر پاس،ایف سکس استعمال کریں۔
ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال اور اپ ڈیٹس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ریڈیو اسٹیشن 92.4 FM بھی عوام الناس کی رہنمائی کے لیے نشریات جاری رکھے گا۔














