محکمہ تعلیم سندھ نے دفاعی نمائش آئیڈیاز کے پیش نظر کراچی کے مخصوص علاقوں کے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ 4روز کے لیے شارع فیصل اور کارساز کے اطراف تمام تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
سندھ کے محکمہ تعلیم نے 19 سے 22 نومبر تک حبیب ابراہیم روڈ پر واقع تعلیمی اداروں میں بھی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق کراچی میں شارع فیصل اور حبیب ابراہیم روڈ پر واقع تعلیمی ادارے 19 تا 22 نومبر بند رہیں گے۔
مزید پڑھیں: یہ شارع عام نہیں کیوں کہ یہ شاہ فیصل کی شارع فیصل ہے
خیال رہے محکمہ تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ آئیڈیاز نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں ڈی آئی جی ٹریفک نے کراچی میں بین الاقوامی نمائش کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر کمشنر کراچی کو 19 سے 22 نومبر تک شارع فیصل اور کارساز کے اطراف واقع تمام اسکول بند رکھنے کے لیے خط لکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم سندھ نے پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کا مسودہ منظور کرلیا
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں شارع فیصل اور کارساز کے اطراف تمام اسکولز 4 روز تک بند رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ اسکول کھلنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، لہٰذا شارع فیصل اور کارساز کے اطراف 19 سے 22 نومبر تک اسکول بند رکھے جائیں۔