پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مدارس کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا تھا جس پر پی ٹی آئی آج بھی قائم ہے، مدارس کا اہم رول ہے لیکن اس اہم رول کو ریگولیٹ کرنا بھی بہت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:علما کو تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ریاست کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے، مولانا فضل الرحمان
پیر کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ہماری اکثر بات ہوتی رہتی ہے؎
بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مدارس کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا تھا اور ہم اس معاہدے پر آج بھی قائم ہیں، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مدارس کا ملک میں اہم کردار ہے لیکن اہم کردارکو یقیناً ریگولیٹ بھی ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی اس بات پر قائم ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ مدارس کے طلبا اور نصاب کی تبدیلی کی بھی بات ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں:مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کیے جائیں، نواز شریف کی وزیراعظم کو ہدایت
انہوں نے کہا کہ مدارس میں طلبا پر نظر رکھنے کے لیے رجسٹریشن ضروری ہے، پی ٹی آٰئی نے مدارس کے سامنے اپنا مؤقف رکھا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے عمل میں اس کا نصاب بھی ایسا ہونا چاہیے کہ اس میں کوئی مذہبی منافرت، نفرت یا انتہا پسندی کا عنصر نہیں پایا جانا چاہیے۔
اس کے علاوہ ہم نے تجویز کیا تھا کہ مدارس اپنے نصاب میں دینی علوم کے علاوہ سائنسی علوم بھی رکھیں جن میں میٹرک سے ایف ایس سی تک کے طلبا کی ووکیشنل تربیت بھی ہونی چاہیے تاکہ وہ معاشرے میں بہتر زندگی گزار سکیں، پی ٹی آئی مدارس کے ساتھ اپنے اس معاہدہ پر آج بھی قائم ہے۔
مزید پڑھیں:مدارس کا موجودہ نظام برقرار، مولانا فضل سے مذاکرات کیے جائیں، علما کا حکومت سے مطالبہ
انہوں نے کہا کہ کہ ہم مدارس کی رجسٹریشن کے حامی ہیں کیونکہ ان کا بہت اہم رول ہے، ساتھ ہی ہم چاہتے ہیں کہ مدارس کو ہر حال میں ریگولیٹ بھی ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ فیصل وواڈا ہی نہیں ساری دنیا چاہتی ہے کہ عمران خان رہا ہوں، لاپتا افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، اس وقت پاکستان تحریک انصاف تمام فیصلے باہمی مشاورت کے ساتھ کر رہی ہے۔