افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی بم دھماکے میں مارے گئے، پاکستان کی مذمت

بدھ 11 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغان طالبان کے قائم مقام وزیر برائے مہاجرین، خلیل الرحمان حقانی ملک کے دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے میں مارے گئے۔

رائٹرز کے مطابق خلیل الرحمان کے بھتیجے انس حقانی نے بدھ کو دھماکے میں خلیل الرحمان حقانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: کابل میں وزارت خارجہ کی عمارت کے قریب دھماکا، 20 افراد ہلاک

دیگر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے بھی تصدیق کردی ہے کہ دھماکا وزارت مہاجرین کی عمارت کے اندر ہوا جس میں خلیل الرحمان حقانی سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

خلیل حقانی سنہ 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کی عبوری حکومت میں وزیر بنے تھے۔

مزید پڑھیے: کابل میں خود کش حملے میں 6 افراد جاں بحق، 13 زخمی

وہ افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا اور حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے اور خود بھی حقانی نیٹ ورک کے ایک سینیئر رہنما تھے۔

خلیل حقانی کا قتل اندرونی چپقلش کی وجہ سے ہوئی، رپورٹ

زاویہ نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ خلیل الرحمان حقانی پر حملہ ایک مسجد میں ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ان انہیں اندرونی رنجش کی وجہ سے قتل کیا گیا۔ ان کی موت طالبان خصوصاً قندھار اور کابل کے دھڑوں کے اندرونی اختلافات کو ظاہر کرتی ہے۔

طالبان حکام نے میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ نتیجہ خیز بیانیے کو کنٹرول کرنے کے لیے ’ہلاک‘ کی بجائے ’شہادت‘ کا استعمال کریں۔ یہ طالبان قیادت کے اندر بڑھتے ہوئے عدم استحکام و اختلافات کی نشاندہی کرتا ہے۔

خلیل حقانی کی موت طالبان کو کمزور کرے گی، مائیکل کوگل

دریں اثنا افغانستان، بھارت اور پاکستان کے امور میں اسپیشلائز کرنے والے اور مین ولسن سینٹر میں جنوبی ایشیا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر مائیکل کوگل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ خلیل حقانی کی موت نے حقانی نیٹ ورک اور طالبان کو نمایاں طور پر کمزور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ حملہ آئی ایس کے پی نے کیا ہے تو پھر یہ ان کے لیے ایک قابل ذکر فتح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ طالبان کے اندر اور علاقائی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دہشتگردی کے واقعے کی مذمت

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغانستان میں بم دھماکے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کابل میں افغان پناہ گزینوں کی وزارت میں دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں قائم مقام افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی کی شہادت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی کی شہادت پر افغانستان کی عبوری حکومت اور افغان عوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی بلا امتیاز مذمت کرتا ہے، دھماکے کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے ہم افغانستان کی عبوری حکومت سے رابطے میں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp