غزہ، شہید نواسی کو ’روح کی روح‘ کہنے والے بزرگ خود بھی جام شہادت نوش کرگئے

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے بچوں اور امدادی کارکنان سمیت مزید 40 افراد شہید ہوگئے ہیں، گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں میں اب تک 45 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی افراد میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے، کوئی دن ایسا نہیں جب فلسطین کے بزرگ اور جواں سالہ شہری اپنے بچوں اور کم سن بھائیوں کی لاشیں نہ اٹھاتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کا غزہ کے اسکول پر دھاوا، بچوں و صحافیوں سمیت درجنوں افراد شہید

دوسری جانب کئی بزرگ فلسطینی ایسے ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کی لاشیں اٹھائیں اور بعد میں خود بھی شہید ہوگئے،ایسا ہی ایک دلخراش واقعہ آج بھی غزہ میں پیش آیا ہے، غزہ میں اپنی شہید نواسی کی میت اٹھائے اس کو ’روح کی روح‘ کہنے والے فلسطینی بزرگ شہری خالد نبحان بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے،وہ غزہ کے جنوبی علاقے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

 

خالد نبحان نے نومبر 2023 میں غزہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والی اپنی 3 سالہ نواسی ریم کو اپنی ’روح کی روح‘ کہتے ہوئے الوداع کہا تھا،ان کی نواسی کی شہادت بھی النصیرات کیمپ میں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ: پناہ کے متلاشیوں پر اسرائیلی حملے اور والدین کو ڈھونڈتے خاک و خون میں لت پت بچے

اسرائیلی حملے کے بعد خالد کی اپنی شہید نواسی ریم کی لاش کو اٹھایا، ان کی اپنی نواسی کے چہرے سے گرد صاف کرتے اور اس کے بالوں کو درست کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی تھیں، نواسی کی شہادت کے بعد وہ اکثر زخمی خاندانوں کی مدد کرتے اور ان کے لیے امداد فراہم کرتے دیکھے گئے۔

انہوں نے ’ریم، روح کی روح‘ کے نام سے ایک مہم بھی شروع کررکھی تھی، جس کا مقصد غزہ کے بچوں کے چہروں پر خوشیاں لانا تھا، وہ بچوں میں کھلونے اور تحائف تقسیم کرتے تھے تاکہ ان کے دکھوں کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملے سہتے غزہ کے باسیوں کے لیے شدید بارشیں نئی آزمائش ثابت

ان کی کی شہادت نے ان شہریوں کی زندگی میں غم کے سائے چھوڑ دیے ہیں، ان کی محبت، ہمدردی اور مزاحمت کے جذبے نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا تھا، دوسری جانب ان کی شہادت سے النصیرات کیمپ میں غم کے سائے مزید گہرے ہوگئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp