پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز کے لیے یو اے ای کو نیوٹرل وینیو کے طور پر فائنل کرلیا ہے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز یو اے ای میں ہوں گے، اور اس حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچز کہاں ہونگے، فیصلہ ہوگیا
ترجمان کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی یو اے ای کے سفیر سے ملاقات کے بعد نیوٹرل وینیو کا اعلان کیا گیا ہے، نیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نے کرنا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق 2027 تک ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں جاکر نہیں کھیلیں گی، بلکہ ان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا ایونٹ آئندہ برس پاکستان میں شیڈول ہے، گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کا اعلان جلد ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی
دوسری جانب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول بھی سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں میچ سے ہوگا۔ جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین میچ 23 فروری 2025 کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔