چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ بیہودہ کیس ہے، اگر انصاف ہوتا تو آج رہائی ہوتی۔ آج کے دن فیصلہ آتا تو ہم بالکل تیار تھے۔ آج جج صاحب نے اپنی مرضی سے فیصلے میں تاخیر کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہر خان نے سلمان اکرم راجا کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم انتظار میں تھے کہ آج 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آئے گا لیکن اڈیالہ جیل میں داخلے سے قبل ہی ہمیں بتا دیا گیا کہ تاریخ 17 جنوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دیوار پر لکھا نظر آتا ہے کہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہوتی رہی ہے۔ اس سسٹم کو بدلنے کے لیے خان صاحب 27 سال سے کوشش کر رہے ہیں۔ اس کیس پر مقصد عمران خان پر پریشر ڈالنا ہے۔ عمران خان اس یونیورسٹی کے مالک نہیں بس ٹرسٹی ہیں۔
مزید پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس: فیصلہ تیسری بار کیوں مؤخر ہوا؟
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہمارے خلاف ٹرائل کورٹس کا رویہ غیر منصفانہ رہا ہے، القادر ٹرسٹ سیاسی کیس، مقصد بانی کو زیر کرنا تھا۔ بانی پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کی اہلیہ کو کیس میں شامل کیا گیا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کوئی یہ تاثر نہ دے کہ کسی ڈیل کی وجہ سے فیصلہ مؤخر ہوا ہے۔ عمران خان اپنی بے گناہی کو عدالت میں ثابت کریں گے۔ مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ایک بات کلئیر ہے کہ یہ کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہے، سننے میں آ رہا ہے کہ 15 تاریخ کو مذاکرات ہورہے ہیں، لیکن اس کو کسی ڈیل میں نا دیکھا جائے۔