پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خیبرپختونخوا سے ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک نے کہا ہے کہ ایک سال سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا مجھے اپنے لیڈر عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کیوں مجھے عمران خان سے نہیں ملنے دیا جارہا؟ کیا یہ خوف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو 26 نومبر کے حوالے سے سچ بتایا جائے گا جس سے تمام کرداروں کو پتا لگ جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں حکومت پی ٹی آئی مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ حصہ نہیں، محمد علی درانی
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک سال سے زیادہ عرصہ سے جیل میں قید ہیں۔ حال ہی میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں انہیں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
24 نومبر 2024 کو عمران خان کی ہی کال پر کارکنوں نے اسلام آباد کی جانب مارچ کیا تھا، اور پھر 26 نومبر کو ایک سیکیورٹی آپریشن کے ذریعے اسلام آباد کو خالی کرایا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ اس آپریشن میں ان کے درجن سے زیادہ کارکنان شہید ہوئے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ آپریشن کے دوران کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔
اب بانی پی ٹی آئی عمران خان مطالبہ کررہے ہیں کہ حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے، تاہم حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان اس پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا مذاکرات ختم کرنا افسوسناک، حکومت اب بھی سنجیدہ ہے، عرفان صدیقی
جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر اتفاق نہ ہونے کے باعث حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات بھی ختم ہوگئے ہیں، اس سے قبل مذاکرات کے تین ادوار ہوئے جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری مطالبات حوالے کیے گئے تھے۔