ملک میں مارشل لا نافذ، پولیس تشدد سے آج ہماری ایک کارکن کی موت واقع ہوئی، عمر ایوب

پیر 10 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و سینیئر رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں مارشل لا کی صورت حال بن چکی ہے، آج ہماری ایک کارکن کی پولیس تشدد کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے آج بھی پوری کوشش کی کہ اسپیکر ہمیں فورم دیں، لیکن بدقسمتی سے یہاں سب کٹھ پتلیوں کا روپ دھار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے دی

انہوں نے کہاکہ ہمارے ممبر اسمبلی میاں غوث کو آج پروڈکشن آرڈرز جاری ہونے کے باوجود اسمبلی اجلاس میں نہیں لایا گیا۔ جبکہ اسلام آباد پولیس نے ہمارے وکلا کو زدوکوب کیا۔

عمر ایوب نے کہاکہ پنجاب پولیس کا آئی جی ڈاکٹر عثمان انور ایک ٹاؤٹ ہے، پولیس کی جانب سے احمد چٹھہ کے گھر پر توڑ پھوڑ کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ان کی ایک کارکن کو پولیس تشدد کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ چل بسیں، جبکہ ایم این اے انیقہ بھٹی کے بھائی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ پیکا ایکٹ ابھی تک آپریشنل نہیں ہوا لیکن جمشید دستی پر یہ ایکٹ لگ چکا ہے، پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے کہاکہ 8 فروری کے پرامن جلسے کے لیے آنے والوں کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا، آج عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت دیگر رہنما جعلی کیسز کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں صوابی جلسے کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کو کتنے لاکھ کے فنڈز دیے؟

عمر ایوب نے مزید کہاکہ بلوچستان میں اس وقت جو حالات ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں، جبری گمشدگیوں کی وجہ سے بلوچستان کے حالات اس نہج تک پہنچ گئے ہیں۔ ضروری ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp