نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ، 18 افراد ہلاک، 12 زخمی

اتوار 16 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی رات کمبھ جانے والے مسافروں کی بڑی بھیڑ کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے میں 18 لوگ ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریاگ راج (الہٰ آباد) ٹرین ہفتہ کی رات پلیٹ فارم نمبر 14 پر کھڑی تھی۔ اس پر سوار ہونے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ پہنچے تھے۔ دو دوسری ٹرینوں کی روانگی مین تاخیر کے باعث ان کے مسافر بھی پلیٹ فارم نمبر 12، 13 اور 14 پر موجود تھے۔ اسی دوران پریاگ راج ٹرین کے مزید مسافر آنا شروع ہو گئے۔ جس کی وجہ سے پلیٹ فارم نمبر 16 کے ایسکلیٹر کے قریب اور پلیٹ فارم نمبر 14 اور 15 پر بھگدڑ مچ گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد اس میں کچلے گئے۔

وزیر ریلوے نے اعلیٰ سطح تحقیقات کا حکم دے دیا

ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم کو نئی دہلی اسٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ڈاکٹروں اور عہدیداروں سے بات کی ہے اور مناسب ہدایات دی ہیں۔ دہلی کے چیف سیکریٹری نے ایک بڑی میڈیکل ٹیم کو مختلف اسپتالوں میں ڈیوٹی پر لگایا ہے۔

وزیراعظم مودی کا اظہارِ افسوس

بھارتی وزیراعظم مودی نے بھگدڑ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے ٹوئیٹر پر پوسٹ کیا کہ ’میں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ سے غمزدہ ہوں۔ میں ان تمام لوگوں کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میری دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔ اہلکار ان تمام لوگوں کی مدد کر رہے ہیں جو بھگدڑ سے متاثر ہوئے ہیں۔‘

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے تباہ کن خبر آئی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا، ‘نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے تباہ کن خبر۔ ریلوے پلیٹ فارم پر بھگدڑ سے لوگوں کی موت سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp