اسرائیلی جارحیت معاہدے کی خلاف ورزی ہے، خطے کا استحکام خطرےمیں پڑگیا، پاکستان

منگل 18 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کے مہلک فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں بچوں اور خواتین سمیت 400 سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید کردیے گئے۔

ہی بھی پڑھیں: جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی غزہ میں شدید بمباری، شہدا کی تعداد 400 سے بڑھ گئی

وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں جارحیت کا یہ ہولناک عمل جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایک خطرناک اضافے کی نشاندہی کرتا ہے جس سے ایک بار پھر پورے خطے کو عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل نے منگل کو غزہ کی پٹی میں شدید بمباری کی ہے جس سے شہید ہونے والوں کی تعداد 404 ہوگئی جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیے: غزہ: اسرائیلی پابندی کے باعث اشیائے ضررویہ کی قلت

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ فوری طور پر تشدد کے خاتمے اور غزہ اور مشرق وسطیٰ میں فوری اور دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اب تک شہید اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 48 ہزار 577 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 41 ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کی جانب سے غزہ جانے والے امدادی قافلے روکے جانے پر سعودی عرب کا شدید ردعمل

جکہ دوسری جانب غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے شہدا کی تعداد 61 ہزار 700 سے زیادہ بتائی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp