پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و پشاور زلمی کے موجودہ کپتان بابراعظم پی ایس ایل کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جس کے بعد انہیں کراچی کنگز نے منتخب کیا اور وہ 2017 سے 2022 تک 6 سیزن کراچی کنگز کی طرف سے کھیلے۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا، ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل
2023 میں بابراعظم اور کراچی کنگز کے راستے جدا ہوگئے اور بابراعظم پشاور زلمی کا حصہ بن گئے اور اس کی قیادت بھی کررہے ہیں، اب ڈاکٹر نعمان نیاز نے بابراعظم کی کراچی کنگز سے علیحدگی کی وجہ بتادی ہے۔
اپنے آن لائن شو Caught Behind میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نعمان نیاز نے انکشاف کیا کہ کراچی کنگز نے 2022 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے ہی بابر سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تھا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فیصلہ صرف بابراعظم کی فارم یا کارکردگی سے نہیں، بلکہ طویل المدتی منصوبہ بندی اور اندرونی حکمت عملی سے کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا ’کراچی کنگز نے پہلے ہی بابراعظم سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا، لیکن جب پاکستان نے ان کی کپتانی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تو انہوں نے ان سے دوبارہ رابطہ کیا، لیکن بابراعظم نے پہلے ہی کراچی کنگز کو چھوڑنے اور آگے بڑھنے کا ارادہ کر لیا تھا۔‘
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل10: بابراعظم، شاہین آفریدی، شاداب خان اور جیسن روئے کے لیے بڑے اعزاز کا اعلان
نعمان نیاز نے بتایا کہ بابراعظم کراچی کنگز کی منجمنٹ میں سے ایک آفیشل کے ساتھ نہیں بنتی تھی، بابراعظم اس ٹائم سپراسٹار تھے اور بہت زیادہ رنز کررہے تھے، وہ آئی سی سی رینکنگ میں نمبرون تھے، بڑا اسٹیڈیمز میں بابر بابر ہوتی تھی، جس سے بہت سارے سابق کرکٹر جلتے بھی تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کے خلاف کراچی کنگز میں باتیں بھی ہوتی تھی، جو بابراعظم تک پہنچتی تھی جس کے بعد بابراعظم نے فیصلہ کیا کہ وہ اب کراچی کنگز کے لیے نہیں کھیلیں گے۔
اس موقع پر سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ انہوں نے 2 سال تک کراچی کنگز کے ساتھ کام کیا، پھر اس سے راہیں جدا ہوگئیں، کراچی کنگز نے دوبارہ کام کرنے کا کہا جس پر دوبارہ کام شروع کیا، پھر مسئلے ہی اتنے پڑ گئے تھے،ٹیم بنانا شروع کی تو ایک کھلاڑی کا فون آیا کہ ہم لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں اور ہم ان (بابراعظم) کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتے جو کہ بعد میں ان کے ساتھ ورلڈ کپ بھی کھیلے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بابراعظم اور صائم ایوب کے لیے اعزاز
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کراچی کنگز اور بابراعظم کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کی وجہ ان کی بیٹنگ پوزیشن تھی۔ ہم چاہتے تھے کہ بابر نمبر 3 پر بیٹنگ کریں، لیکن وہ اپنا رول تبدیل کرنے کو تیار نہیں تھے، اسی وجہ سے ہمیں انہیں ریلیز کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ بابراعظم نے پی ایس ایل میں 90 اننگز میں سے 76 مرتبہ اوپننگ کی ہے، جس میں انہوں نے 3 ہزار 103 رنز 47.01 کی اوسط اور 129.13 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں، انہوں نے 28 نصف سینچریاں اور 2 سینچریاں بھی بنائی ہیں۔