وزیرمملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر شرپسندوں نے حملہ کیا ہے، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی پر ٹھٹھہ سے کراچی سفر کے دوران شرپسندوں کی جانب سے ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں کا مرکز پر حملہ، مرکزی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا
کھیئل داس کوہستانی کے مطابق وہ ٹھٹہ سے سجاول کی جانب رواں دواں تھے کہ ان پر شرپسندوں نے حملہ کیا، جن کے ہاتھ میں ایک پارٹی کے جھنڈے تھے اور وہ کینالوں کی تعمیر کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی مجھ پر حملہ ہوا تو میرے ڈرائیور نے فوری گاڑی وہاں سے نکالی جس کے بعد میرے قافلے میں موجود دیگر گاڑیوں پر حملہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کی گاڑی پر پی ٹی آئی کارکنان کا پتھراؤ، ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ میرے قافلے کی گاڑیوں پر پہلے پتھراؤ کیا گیا اور پھر ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا تاہم میں خود حملے میں محفوظ رہا لیکن میرے کچھ ساتھی زخمی ہوئے اور ان کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مجھ پر حملہ کیا گیا جس کا مقصد مجھے نقصان پہنچانا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی کھیئل داس کوہستانی پر حملے کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرمملکت پر شرپسندوں کے حملے کی شدید الفاط میں مذمت کی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کھیئل داس کوہستانی کو ٹیلی فون کرکے خیریت بھی دریافت کی۔