شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، وزیراعظم کا قوم سے خطاب

ہفتہ 10 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی ہمیں چیلنج کرے تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن پر غالب آجاتے ہیں، شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ میں آج پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے دنیا پر یہ واضح کردیا ہے کہ پاکستانی ایک خوددار، باوقار اور غیرت مند قوم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت فوری و مکمل جنگ بندی پر تیار ہوگئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر کا آغاز قرآن پاک کی آیت سے شروع کیا، جس کا ترجمہ ہے کہ ’اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہوکر لڑتے ہیں جیسے کہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا وقار اور خودداری ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، کوئی ہمیں چیلینج کرے تو ہم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن پر غالب آتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دشمن نے جو کچھ کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، یہ صریحاً کھلی جارحیت تھی جس کا ہماری دلیر اور بہادر فوج نے مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کا مظفرآباد کی مسجد پر پہلا حملہ اور پاک فوج کے آپریشن کا نام ’بُنیان مَرصُوص‘، مماثلت کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت نے پاکستان پر بلاجواز جنگ مسلط کی، ہم نے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات پیش کش کی، اور تحمل کا مظاہرہ کیا، مگر اس نے ہماری سرحدوں کی حرمت کو پامال کرنے ناکام کوشش کی، ڈرون حملوں اور میزائلوں سے مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت نے ہماری فوجی تنصیبات اور آبی ذخیروں کو بھی نشانہ بنانے کی ایک ناکام کوشش کی جس پر ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے جسے وہ بہت اچھی طرح سمجھتا ہے، اور ہم نے واضح کردیا کہ جو ملاقات میز پر ہونی تھی اب میدان جنگ میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کڑیل اور سجیلے جوان لفظ ’ہار‘ سے واقف ہی نہیں ان کا مقابلہ کون کرسکتا ہے، ان شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جنگ بندی فتح کی علامت ہے: صدر مملکت آصف علی زرداری

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر اور اللہ کے فضل سے فیل ہوگئے، ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریے کے خلاف تھی جو انسان دشمنی، جارحیت، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے، یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو ذیب دیتا ہے۔

یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم کی فتح ہے، یہ عظیم لمحہ شکر ہے جس کے لیے 24 کروڑ عوام نے اپنے شیروں اور شاہینوں پر والہانہ محبت کے پھول برسائے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا اللہ تعالیٰ نے اپنی کمال مہربانی سے آپ کو شاندار فتح سے نوازا ہے، الحمد للہ اس رب ذوالجلال کا جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے۔

مسلح افواج کے سربراہان کو مبارکباد

انہوں نے کہا کہ میں اس تاریخی کامیابی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سپہ سالار بری فوج جنرل سید عاصم منیر، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، اور اپنے ہر جوان اور ہر افسر کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جنرل سید عاصم منیر کا اپنی اور پوری قوم کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا، اس کے ساتھ ساتھ میں چیف آف ایئراسٹاف ظہیربابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرم جوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت پاکستان سے جنگ بندی پر کیوں آمادہ ہوا؟ امریکی صحافی نے پول کھول دیا

انہوں نے کہا کہ میں ہر شہید کی ماں کے صبر کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچے اور بچیاں وطن پر قربان کرکے نئی تاریخ رقم کی۔

سیاسی قیادت کا شکریہ

وزیراعظم نے ملکی سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’میں تمام اتحادی اور اپویشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال اتحاد اور تاریخی یگانگت کا مظاہرہ کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ میں اپنے قائد جناب نواز شریف کی مدبرانہ قیادت اور تجربہ کار رہنمائی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی مشاورت پر خاص طور پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں اپنے صحافی بھائیوں، بہنوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے بھارتی فیک نیوز کا مقابلہ ذمے دارانہ رپورٹنگ سے اعلیٰ مثال قائم کی۔‘

امریکا، سعودی عرب، ترکیے، قطر، برطانیہ، اقوام متحدہ کا شکریہ

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں کامل یقین ہے کہ آبی وسائل کی تقیسم، جموں کشیر کے تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل انصاف کے تقاضوں کے مطابق حل کرنے کے لیے پُرامن مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے گا، اس موقع پر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے جنگ بندی کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں انتہائی مخلص اور برادر ممالک سعودیہ عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیے اور قطر کے علاوہ برطانوی قیادت، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے جنگ بندی کی کاوشوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’میرا ہر فوجی جوان جیسے ہو کھڑی چٹان‘، فوج کی شاندار کارروائی پر پاکستانی خوشی سے سرشار

انہوں نے کہا ’میرے بہت عزیز بھائی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، انتہائی عزیز بھائی محمد بن زید اور قطر کے امیر شیخ تمیم اور میرے پیارے بھائی ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی اور بھائیوں کے طور پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، جس کے لیے میں ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

اپنے دیرینہ دوست عوامی جمہوریہ چین کا بھی دل کی گہرائیوں سےشکریہ

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے دیرینہ دوست عوامی جمہوریہ چین کا بھی دل کی گہرائیوں سےشکریہ ادا کرتا ہوں، قابل احترام صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کا بطور خاص شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

تمام تر توانائیاں اور توجہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وقف کردیں گے

’مجھے کامل یقین ہے کہ اس بحران میں سرخرو ہونے کے بعد میں اور آپ پوری وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں، اور تمام ادارے اور ان کے سربراہان پہلے کی طرح مل کر اپنی تمام تر توانائیاں اور توجہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وقف کردیں گے، اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہ کرلے۔

انہوں نے کہا وہ وقت دور نہیں شرط یہ ہے کہ ہم سب مل کر دن رات محنت کریں اور اتنی محنت کریں کہ دنیا دنگ رہ جائے، اسی طریقے سے جس طرح ہماری عسکری قوت نے دنیا کو حیران کردیا ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp