وزیر اعظم اور جنرل عاصم منیر کی شہید اسکوارڈن لیڈر کے اہل خانہ سے ملاقات، شہدا کو خراج تحسین

جمعہ 16 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ شہید اسکوارڈن لیڈر عثمان یوسف کے خاندان سے ملاقات میں ان کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔

معرکہ حق میں کامیابی پر یوم تشکر کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہید کے اہلِخانہ سے ملاقات میں شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران اسکوارڈن لیڈر عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔

قبل ازیں صدر آصف زرداری نے جمعہ کو بھارت کے خلاف حالیہ معرکہ حق میں شہادت پانے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے خاندان سے تعزیت کی۔

صدر نے عثمان یوسف شہید کے والد اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے قوم کی جانب سے شہید کی ملک کے لیے خدمات اور دفاع وطن کے دوران ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بولاری ایئر بیس میزائل حملہ اور اسکوارڈن لیڈر عثمان یوسف کی شہادت

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں پر فخر ہے، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے اور شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں پر ہمیشہ ان کی شکر گزار رہے گی۔

صدر آصف علی زرداری نے شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، افواج پاکستان نے جو کہا کر دکھایا

انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ خدا انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت و ہمت عطا کرے۔

یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سندھ کے ضلع جام شورو میں واقع بھولاری ایئر بیس پر بھارت کی جانب سے 4 میزائل فائر کیے گئے، جن میں سے 3 میزائل جنوبی ایئر اسپیس میں مکمل کنٹرول کے باعث انٹرسیپٹ کر لیے گئے، تاہم لیکن ایک میزائل نے ہینگر ایریا کو ہٹ کیا۔

حملے کا الارم بجنے کے بعد اسکوارڈن لیڈر عثمان یوسف اپنے اسٹاف کے ساتھ باہر موجود تھے اور ایک جہاز کو اندر لے جانے کے لیے کوشش کر رہے تھے، انہوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر دشمن کے حملے سے جہاز کو محفوظ رکھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp