ہولی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سڈنی سوینی، جو سیریز ’یوفوریا‘ میں اپنے کردار کی وجہ سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، ممکنہ طور پر دنیا کی سب سے مشہور فلم فرنچائزز میں سے ایک، ’جیمز بانڈ‘ میں جلوہ گر ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وہ بالی ووڈ اداکار جو اربوں روپوں کے ذاتی جیٹ کے مالک ہیں
27 سالہ سوینی کو جیمز بانڈ سیریز کی اگلی فلم کے لیے کردار کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نئے ڈائریکٹر ڈینس ویلینیو انہیں فلم میں شامل کرنے کے خواہاں ہیں، اور اس حوالے سے پس پردہ بڑی شخصیات کی حمایت بھی حاصل ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایمیزون، جس نے حال ہی میں بانڈ فلموں پر تخلیقی کنٹرول حاصل کیا ہے، سوینی کی شمولیت کو بھرپور انداز میں سپورٹ کر رہا ہے۔
ایمیزون نے یہ کنٹرول فلموں کے دیرینہ پروڈیوسرز باربرا بروکولی اور مائیکل جی ولسن سے حاصل کیا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فرنچائز میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ہالی ووڈ فلمیں بھی امریکا چین ٹیرف جنگ کی زد میں آگئیں
برطانوی اخبار ’سن آن سنڈے‘ سے بات کرتے ہوئے ایک اندرونی ذریعے نے انکشاف کیا کہ سوینی اس وقت بانڈ فلم کے کاسٹنگ لسٹ میں سرفہرست ہیں۔ ڈائریکٹر ڈینس ان کی صلاحیتوں اور نوجوان نسل میں ان کی کشش کے معترف ہیں، جو کہ فرنچائز کو جدید بنانے کے لیے ضروری ہے۔ وہ دونوں کئی بار مل چکے ہیں اور ڈائریکٹر ان کے کیریئر میں تیزی سے ترقی سے متاثر ہیں۔

سڈنی نہ صرف جسمانی طور پر متحرک مناظر ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ نسوانی دلکشی کے ساتھ ساتھ روایتی بانڈ گرلز کے معیار پر بھی پورا اترتی ہیں۔
یاد رہے، ’ڈینس ویلینیو‘ کو گزشتہ ماہ نئی جیمز بانڈ فلم کے ڈائریکٹر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ وہ اس سیریز کی کلاسیکی روح کو برقرار رکھتے ہوئے اسے نئے انداز میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔













