افغانستان نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین کسی دہشتگرد گروہ کو پاکستان یا کسی اور ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’کارز‘ اور افغانستان میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کی گیٹ وے جیسی حیثیت
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح کو ناظم الامور سے بڑھا کر سفیر کے درجے تک لے جانے کا خیر مقدم کیا، جو 21 مئی 2025 کو بیجنگ میں سہ فریقی اجلاس کے دوران طے پایا تھا۔
فریقین نے اپنی حالیہ ملاقاتوں جن میں 19 اپریل اور 17 جولائی 2025 کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے کابل کے دورے اور 21 مئی 2025 کو بیجنگ کا اجلاس شامل ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کو سراہا کہ ان نشستوں میں کیے گئے بیشتر فیصلوں پر عمل درآمد مکمل ہو چکا ہے یا تکمیل کے قریب ہے۔ ’ان اقدامات نے بالخصوص تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں پاک افغان تعلقات کو نمایاں طور پر مضبوط بنایا ہے۔‘
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیاسی اور تجارتی تعلقات میں حوصلہ افزا پیش رفت کو سراہا، تاہم اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی خصوصاً انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں پیش رفت اب بھی مطلوبہ سطح پر نہیں۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کا ذکر کیا جو افغان سرزمین سے کام کرنے والے گروہوں کی کارروائیاں ہیں، اور افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) مجید بریگیڈ جیسی تنظیموں کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ افغانستان کی سرزمین کسی دہشتگرد گروہ کو پاکستان یا کسی اور ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور افغانستان کا دہشتگردی کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق
آخر میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے افغان حکام کی جانب سے پُرتپاک مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کیا اور سہ فریقی مذاکرات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔














