عثمان ہادی کے قتل میں ملوث کسی فرد کو نہیں بخشا جائے گا، بنگلہ دیش

منگل 23 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے جولائی کی عوامی تحریک کے سرگرم کارکن شریف عثمان ہادی کے قتل میں انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ مشیرِ داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد جہانگیر عالم چوہدری نے کہا ہے کہ اس سنگین جرم میں ملوث کسی فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

مشیر داخلہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مشترکہ فورسز نے اب تک 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کارروائیوں میں پولیس، ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (BGB) شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: عثمان ہادی کی نماز جنازہ میں لاکھوں لوگوں کی شرکت، قومی شاعر کے مزار کے پاس تدفین کردی گئی

گرفتار افراد میں مبینہ مرکزی ملزم فیصل کریم مسعود کی اہلیہ، والدین، سالا اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا مالک شامل ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے موٹر سائیکل کے علاوہ 2 غیر ملکی ساختہ پستول، 2 میگزین، 41 گولیاں اور ایک کھلونا پستول بھی برآمد کرلیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل جہانگیر عالم نے کہا کہ مرکزی ملزم کی نشاندہی اور گرفتاری کی جانب نمایاں پیشرفت ہو چکی ہے، تاہم تفتیشی تقاضوں کے پیشِ نظر قتل کے محرکات سے متعلق تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی اور لوٹے گئے ہتھیاروں کی برآمدگی کے لیے آپریشن جاری ہے۔ 13 دسمبر کو شروع کیے گئے آپریشن ڈیول ہنٹ فیز-2 کے تحت 20 دسمبر تک 6,598 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ اس دوران اسلحہ، گولہ بارود، دستی بم، مارٹر شیل، بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ وارنٹس اور مختلف مقدمات کے تحت مجموعی طور پر 13,505 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ ڈھاکہ یونیورسٹی (DUCSU)، راجشاہی یونیورسٹی (RACSU) اور چٹاگانگ یونیورسٹی (CHACSU) میں حالیہ طلبا یونین کے انتخابات پُرامن طور پر منعقد ہوئے، اور انہیں یقین ہے کہ جگن ناتھ یونیورسٹی کے انتخابات بھی محفوظ اور شفاف ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ڈھاکہ: انقلاب منچ کا حکومت کو عثمان ہادی کے قاتلوں کی 24 گھنٹوں میں گرفتاری کا الٹی میٹم

انہوں نے کرسمس اور نیو ایئر کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معروف اخبارات پرتھم آلو اور دی ڈیلی اسٹار کے دفاتر پر حملوں میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دونوں اخبارات کے ایڈیٹرز کو اضافی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ میمن سنگھ میں ایک گارمنٹس ورکر کو تشدد اور آگ لگا کر قتل کرنے کے واقعے میں بھی 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مشیر داخلہ نے 25 دسمبر کو بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان کی وطن واپسی کے پیشِ نظر سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس نگرانی مزید سخت کی جا رہی ہے، حساس تنصیبات کی حفاظت، بڑے شہروں میں ناکوں میں اضافہ اور سی سی ٹی وی و پولیس کنٹرول رومز کے ذریعے امن و امان کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالاس اسٹریٹجک مذاکرات کے لیے یکم جون کو اسلام آباد پہنچیں گی

یو ایف او فائلز جاری ہونے کے بعد نئی بحث: حقیقت، راز یا محض غلط فہمیاں؟

اگر مختلف چیٹ بوٹس کو انسانوں پر حکومت سونپی جائے تو کیا ہوگا؟ دلچسپ نتائج، گروک نے تباہی مچا دی

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل: اوپن اے آئی کا آئی فون کو ٹکر دینے کے لیے اسمارٹ فون لانے کا فیصلہ

کراچی: ڈکیتی ناکام ہونے پر مبینہ ڈاکو نے خود کا خاتمہ کرلیا، معاملہ شرمندگی کا یا کچھ اور؟

ویڈیو

عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے

امریکا کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے حقیقی دوستی والے تعلقات ہیں، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ

فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اسحاق ڈار کا دوٹوک اعلان

کالم / تجزیہ

اچکزئی صاحب کا مسئلہ کیا ہے؟

بڑے شہر نگل جاتے ہیں

عید الاضحی ، بھارتی مسلمان اور ہندو شاؤنزم