پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کا آخری پیغام مفاہمت تھا، 9 مئی جیسے اقدامات اور اداروں کو گالیاں دینا سیاسی دائرے میں نہیں آتا۔
سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف زرداری، بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
صدر آصف علی زرداری نے چین سے وہ ہوائی جہاز منگوائے تھے جنہوں نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر اس جنگ میں کامیابی حاصل کی ، بلاول بھٹو زرداری pic.twitter.com/HnDore3Z5L
— WE News (@WENewsPk) December 27, 2025
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہمیں ملک کو سیاسی بحران سے نکالنا ہے تاکہ معاشی بحران سے نکل سکیں، صدر زرداری نے بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے مفاہمت ناگزیر ہے، اور اس کے لیے سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو سیاسی انتہا پسندی کو چھوڑنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ 9 مئی جیسے اقدامات اور اداروں کو گالیاں دینا سیاست کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی جنگ کے میدان میں بھارت کو شکست دینا ہے، لیکن یہ کامیابی گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہ ہو پاتی، کیوں کہ بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت اور بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دی۔
انہوں نے کہاکہ مئی کی جنگ کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا نام سن کر غائب ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جن طیاروں نے بھارتی لڑاکا طیاروں کو گرایا، وہ صدر زرداری نے منگوائے تھے، اس کے علاوہ صدر مملکت نے ملک کو سی پیک کا تحفہ دیا۔
اس سال کی سب سے بڑی کامیابی بھارت کو شکست دینا ہے، افواج پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ،بلاول بھٹو pic.twitter.com/YWWzVFKXw0
— WE News (@WENewsPk) December 27, 2025
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ وفاق کے معاشی مسائل ہمارے مسائل ہیں، اور بحیثیت محب وطن پاکستانی میں چاہوں گا کہ وفاق کی پریشانی دور کروں۔
انہوں نے کہاکہ وفاق صوبوں سے اختیارات لینے کے بجائے مزید ذمہ داریاں دے تاکہ مسائل حل ہو سکیں، ہم مل کر مسائل کا حل نکالیں گے، صوبے ایف بی آر سے بہتر ٹیکس اکٹھا کر سکتے ہیں۔
وفاق صوبوں سے اختیارات لینے کے بجائے مزید ذمہ داریاں دے تاکہ ہم مل کر مسائل حل کر سکیں، وفاق ہمیں ٹیکس جمع کرنے کی ذمہ داری دے ہم FBR سے بہتر ٹیکس جمع کرکے وفاق کو معاشی بحران سے نکالیں گے ، بلاول بھٹو pic.twitter.com/FDPfe2LuRp
— WE News (@WENewsPk) December 27, 2025
انہوں نے کہاکہ میں تو اپنے عوام کو بہت سمجھاتا ہوں کہ ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، لیکن لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ اس معاشی ترقی کا فائدہ ہمیں کیوں نہیں ہو رہا۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو تجویز دیتے ہوئے کہاکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے جان چھڑا کر یہ ذمہ داری صوبوں کے حوالے کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کررہی ہے، اس کے علاوہ ہم لاکھوں عوام کو مفت گھر بنا کر دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس ہی وہ منشور ہے جس پر عمل کرکے عوام کو مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ سندھ میں صحت کا بہترین نظام ہے جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، اور یہاں 50 فیصد مریض دوسرے صوبوں سے آتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بینظیر بھٹو کی برسی پر آزاد کشمیر میں عام تعطیل کا اعلان
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہماری بات سنتے ہیں، اور ہماری تجویز پر ہی انہوں نے ملک میں زرعی ایمرجنسی کا اعلان کیا۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہاکہ صدر مملکت آصف زرداری ہی ملک کو سیاسی بحران سے نکال سکتے ہیں، کیوں کہ وہ مفاہمت کے بادشاہ ہیں۔













