ترکیہ نے اسرائیل کو ایران میں جاری داخلی کشیدگی کا ناجائز فائدہ اٹھانے سے خبردار کردیا۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ترک میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہاکہ ایران میں احتجاجی مظاہروں سے اسرائیل کی توقعات پوری نہیں ہوں گی اور اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی شہریوں کے لیے ایران کا سفارتی الرٹ، سفارتخانے نے 24 گھنٹے رابطے کی سہولت فراہم کر دی
انہوں نے مزید کہاکہ ایران میں موجود حالیہ مظاہرے پہلے کے احتجاج سے مختلف نوعیت کے ہیں اور ان کا دائرہ کافی محدود ہے۔ ایرانی عوام کو اپنے ردعمل کی حد کا علم ہے، اس لیے بیرونی قوتیں ایران کے اندرونی حالات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی۔
ترک وزیر خارجہ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، تاہم ترکیہ انسانی امداد اور تعمیر نو کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب ایران میں پُرتشدد مظاہرے 13 ویں روز بھی جاری ہیں۔ اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور قریباً 2 ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ملک بھر میں مسلسل تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اسلامی انقلاب کی کامیابیوں کے تحفظ اور سکیورٹی برقرار رکھنے کو سرخ لکیر قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران بحران: مظاہرین کے قتل پر امریکا مداخلت کرسکتا ہے، ٹرمپ کی وارننگ
ایرانی فوج نے بھی ایک بیان میں کہا کہ کمانڈر انچیف کی قیادت میں فوج دشمن کی حرکتوں پر نظر رکھے گی اور قومی مفادات و عوامی املاک کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اب اگر ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کسی شہری کو ہلاک کیا گیا تو تہران پر حملہ کردیں گے۔














