بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے تناظر میں بنگلادیش کی حمایت کرنے پر پاکستان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بلاجواز اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہے اور بنگلادیش کو اکسا رہا ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ بھارت بنگلادیش کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے خوش آمدید کہنا چاہتا تھا اور اس مقصد کے لیے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے آئی سی سی کا دوہرا معیار، بنگلہ دیش کا ساتھ دینے پر پاکستان کو تنہائی کی دھمکی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
ان کے مطابق ’ہم نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو واضح طور پر کہا تھا کہ بھارت میں انہیں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، لیکن بنگلادیش بورڈ نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت نہیں دی۔‘
شیڈول میں تبدیلی ناممکن، اسکاٹ لینڈ کی شمولیت
راجیو شکلا نے کہا کہ بنگلادیش کے آخری وقت میں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کے فیصلے کے باعث پورے شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں تھی، جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو متبادل کے طور پر اسکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کرنا پڑا۔
پاکستان پر مداخلت اور اکسانے کا الزام
بی سی سی آئی نائب صدر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بغیر کسی وجہ کے اس معاملے میں کود پڑا ہے اور بنگلادیش کو بھارت نہ جانے پر اکسا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ جمعے یا آئندہ پیر کو ہوگا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی
انہوں نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان بنگلادیش کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ ان کے بقول ’سراسر غلط‘ ہے۔
بنگلادیش کا مؤقف: سیکیورٹی خدشات
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت جانے سے انکار کیا تھا اور اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
آئی سی سی کا فیصلہ، بنگلادیش باہر
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد بنگلادیش ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔
پی سی بی کا ردِعمل، احتجاجی آپشنز پر غور
بنگلادیش کی بے دخلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس فیصلے پر احتجاج کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔














