ڈھاکا، حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے تیسرے ٹرمینل کو فعال بنانے کے لیے جاپان سے مذاکرات

جمعرات 12 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ایچ ایس آئی اے) کے طویل التوا کے شکار تیسرے ٹرمینل کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے بنگلہ دیش حکومت اور جاپانی کنسورشیم کے درمیان مذاکرات کل (بروز جمعہ ) ہوں گے۔

مذاکرات کے لیے اجلاس وزارت خارجہ میں ہوگا، بنگلہ دیش کی جانب سے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰان، وزیر سول ایوی ایشن و سیاحت افروزہ خانم ریتا، وزیر مملکت برائے سول ایوی ایشن و سیاحت ایم رشید الزمان ملت اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور شما عباد اسلام اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، ڈھاکا اور چٹاگانگ ایئرپورٹس پر 182 بین الاقوامی پروازیں منسوخ

سول ایوی ایشن اتھارٹی آف بنگلہ دیش (سی اے اے بی) کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ حکومت کی اعلیٰ سطح سے مضبوط سیاسی عزم کی بدولت اس اجلاس سے مثبت نتائج کی توقع ہے اور ٹرمینل کو مکمل آپریشنل بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مذاکرات میں تاخیر بنیادی طور پر پچھلی عبوری حکومت کے دوران ہوئی، جب جاپانی کنسورشیم کے ساتھ ٹرمینل کے مینجمنٹ، آپریشن کنٹرول اور ریونیو شیئرنگ کے امور پر حتمی معاہدہ نہیں ہوسکا تھا۔

اس منصوبے میں جاپان ایئرپورٹ ٹرمینل کمپنی، سمیٹومو کارپوریشن، سوجیٹز کارپوریشن اور ناریٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کارپوریشن شامل ہیں، جبکہ اس ٹرمینل کی مالی اعانت زیادہ تر جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جے آئی سی اے) نے فراہم کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈھاکا ایئرپورٹ سے اسلحہ چوری، اندرونی عملے کے ملوث ہونے کا شبہ

جمعے کے مذاکرات کے نتائج وزیراعظم طارق رحمان کے سامنے پیش کیے جائیں گے تاکہ مزید پالیسی ہدایات طے کی جاسکیں۔

تیسرا ٹرمینل منصوبہ 2017 میں منظور ہوا اور 2019 میں شروع کیا گیا، جس کی تخمینہ لاگت 21,398 کروڑ ٹکا ہے۔ یہ ٹرمینل 99 فیصد سے زیادہ مکمل ہے، تاہم اکتوبر 2023 میں افتتاح کے باوجود مکمل تجارتی آپریشن ابھی تک شروع نہیں ہوا۔

نئے ٹرمینل کا رقبہ تقریباً 542,000 مربع میٹر ہے اور یہ سالانہ 12 سے 16 ملین اضافی مسافروں اور تقریباً 900,000 ٹن کارگو کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے ڈھاکا ایئرپورٹ کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp