علیمہ خان کے بیان کو مسترد کرتا ہوں، کبھی پارٹی کا عہدہ نہیں مانگا، سلمان اکرم راجہ

بدھ 15 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بانی چیئرمین سے آئندہ ملاقات کے دوران اپنا استعفیٰ پیش کردیں گے، علیمہ خان نے میرے بارے میں غلط بات کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے ان سے ملاقات کر کے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی تھی، تاہم وہ سیاسی معاملات پر علیمہ خان کے چند موقف سے شدید اختلاف رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار

ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی بہنیں سیاسی باریکیوں کو اس طرح نہیں سمجھتیں جس طرح ایک تجربہ کار سیاست دان سمجھتا ہے، جبکہ بانی چیئرمین نے پارٹی عہدے کی ذمہ داری خود ان کے سپرد کی تھی۔

سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ وہ بانی چیئرمین کے سامنے اپنا تفصیلی موقف رکھیں گے اور ان کی خواہش ہے کہ ان کی معروضات کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے سیاست میں تجربے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان کے پیچ و خم وہی بہتر سمجھ سکتے ہیں جن کے پاس طویل تجربہ ہو۔

ان کے مطابق علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی جیسے اتحادیوں کو دانستہ طور پر ہراساں کر کے دور کرنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ پارٹی کی کامیابی تمام شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلنے میں ہی مضمر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ کیوں دیا اور ان کا آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟

علیمہ خان سے اختلافات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ان کے درمیان کوئی مستقل دشمنی نہیں بلکہ یہ ایک وقتی ردِعمل ہے۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ علیمہ خان نے احتجاج کے لیے 10 ہزار افراد کو متحرک کرنے کا ہدف رکھا تھا، اور ممکنہ طور پر مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر پیدا ہونے والی مایوسی اس طرح کے بیانات کا سبب بنی ہو۔

سلمان اکرم راجا نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کو اس وقت اتحاد اور سنجیدہ سیاسی حکمتِ عملی کی ضرورت ہے تاکہ تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عہدے رکھنے کے خواہش مند نہیں ہیں، وہ پہلے بھی پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں، مجھ پر یہ عہدہ تھونپا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں لوگوں کو گھروں سے نکلنے کے لیے کال دیتی ہیں وہ عمران خان کی بہنیں ہیں، وہ خلوص سے کال دیتی ہیں، وہ عمران خان کا حصار ہیں، ان کے عمران خان کے لیے پیار اور محبت پر کوئی شک نہیں ہوسکتا، تاہم وہ سیاسی سمجھ بوجھ نہیں رکھتی، وہ سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کی مجاز نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp