وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
قریباً 45 منٹ جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
I had a warm and constructive conversation with President Dr. Masoud Pezeshkian this evening on the evolving regional situation.
I appreciated Iran’s engagement, including its high-level delegation to Islamabad for the historic talks, and recent discussions with Field Marshal…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 19, 2026
مزید پڑھیں: ایران کے پاس آخری موقع، اوباما دور جیسی غلطی کو نہیں دہرائیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
وزیراعظم نے صدر پزشکیان اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجا، جس کی قیادت اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ یہ روابط خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے عمل کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے اس ہفتے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی تعمیری بات چیت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: امریکا ایران مذاکرات میں سفارتکاری، میئر لندن کی وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کی تعریف
اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا امن کی کوششوں میں پاکستان کے مضبوط عزم پر شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے نمائندے کل شام تک اسلام آباد میں ہوں گے۔













