حالات کی ماری خواتین کو پرائے دیس ’جہنم‘ میں دھکیلنے، بلیک میل کرنے والا گروہ بے نقاب

ہفتہ 2 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وہ بہتر مستقبل کے خواب لیے ایئرپورٹ پہنچی تھی لیکن اس کی آنکھوں میں چھپا ہوا خوف قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی توجہ کا باعث بن گیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ وہ پہلے بھی بیرون ملک ملازمت کے لیے جا چکی ہے تاہم اس کا وہ تجربہ خوشگوار نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی کارروائی، پاکستانیوں کو غیرقانونی طریقے سے لیبیا بھیجنے والا انسانی اسمگلر گرفتار

اس صورتحال نے ایک اہم سوال کو جنم دیا کہ ایک ایسی لڑکی جو پہلے ایک مشکل اور تکلیف دہ تجربے سے گزر چکی ہو اور شیطانوں کے چنگل سے بڑی مشکل سے چھوٹ کر بھاگی ہو دوبارہ اسی آگ میں کودنے کیوں جا رہی تھی۔

اسی ایک سوال نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو انسانی اسمگلنگ کے ایک ایسے نیٹ ورک تک پہنچنے میں مدد دی جو غریب اور مجبور لڑکیوں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر انہیں غیر قانونی سرگرمیوں میں دھکیلنے میں ملوث تھا۔

ہوٹلوں پر چھاپہ مار کارروائیاں

مارچ 2026 میں ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کراچی کے علاقے صدر میں واقع 2 ہوٹلوں پر خفیہ چھاپہ مار کارروائی کی۔ اس آپریشن کے دوران متعدد خواتین کو بازیاب کرایا گیا۔

مزید پڑھیے: بیرون ملک پرکشش نوکریوں کا جھانسا دیکر بلیک میل کرنے والا گروہ کیسے بے نقاب ہوا؟

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان خواتین کو پنجاب کے مختلف علاقوں سے لایا گیا تھا اور انہیں وزٹ ویزے کے ذریعے بیرون ملک اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ انہیں بیرون ملک پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دیا گیا لیکن درحقیقت انہیں غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

بلیک میلنگ کا جال

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اجمل نے اس خطرناک نیٹ ورک کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گروہ صرف انسانی اسمگلنگ تک محدود نہیں بلکہ خواتین کو نفسیاتی اور جذباتی طور پر قابو میں لے کر ایک منظم طریقے سے استحصال کرتا ہے۔

ان کے مطابق پہلے مرحلے میں غریب اور کمزور خاندانوں کی لڑکیوں کو بیرونِ ملک بہتر روزگار، خصوصاً ڈانس بارز یا دیگر مشتبہ کاموں کا جھانسہ دے کر بھیجا جاتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں بیرونِ ملک پہنچتے ہی ان کے پاسپورٹس اور دیگر سفری دستاویزات ضبط کر لی جاتی ہیں۔

تیسرے مرحلے میں اگر کوئی متاثرہ خاتون واپس آنا چاہے یا مزاحمت کرے تو اس کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنا کر اسے بلیک میل کیا جاتا ہے تاکہ اسے مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق حالیہ کیس میں گرفتار ہونے والی ایک متاثرہ خاتون نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ سال ڈی پورٹ ہو کر پاکستان واپس آئی تھی اور دوبارہ بیرون ملک نہیں جانا چاہتی تھی تاہم مبینہ گروہ نے اس کی نازیبا تصاویر کے ذریعے اسے مسلسل ہراساں اور بلیک میل کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ بے نقاب، 4 ملزمان گرفتار، 30 سے زائد خواتین بازیاب

ان کے مطابق دباؤ اور ذہنی اذیت کے باعث وہ اس حد تک پریشان ہو گئی کہ خودکشی کرنے یا دوبارہ بیرونِ ملک جانے کے درمیان ایک سخت کشمکش کا شکار ہو گئی۔

ایک منظم گینگ کا گٹھ جوڑ

محمد اجمل کے مطابق ایف آئی اے کی وسیع تر تفتیش کے دوران اس گروہ کے اہم کرداروں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ گروہ کا مرکزی کارندہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا تاہم ایف آئی اے کی ٹیم نے بعد میں اسے گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کو ورغلانے اور انہیں بیرون ملک جانے پر آمادہ کرنے والی ایک شاطر ملزمہ کو لاہور سے حراست میں لیا گیا جبکہ نیٹ ورک کے لاجسٹک امور اور شہر میں سرگرمیاں سنبھالنے والے ایک اور رکن کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔

مفلسی سے فوری چھٹکارا پانے کی خواہش اکثر عقل سلب کرلیتی ہے

ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اجمل نے کہا کہ غربت سے جلد نجات اور زیادہ آمدنی کی خواہش میں لوگ اکثر بنیادی حقائق اور خطرات کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہری کبھی بھی وزٹ ویزے پر بیرون ملک ملازمت کے لیے نہ جائیں اور صرف حکومت سے منظور شدہ ریکروٹنگ ایجنٹس کے ذریعے ہی روزگار کے مواقع تلاش کریں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستانی خواتین کے لیے خوشخبری، بیرون ملک ملازمت کی نئی راہیں کھل گئیں

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مشکوک پیشکش یا غیر معمولی آفر کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سے رابطہ کیا جائے تاکہ ممکنہ انسانی اسمگلنگ یا فراڈ سے بچا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بھارت میں کشتی الٹنے سے متعدد ہلاکتیں، درجنوں مسافر لاپتا، ویڈیو نے حفاظتی غفلت بے نقاب کر دی

آخری اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست کیسے دی؟ حنین شاہ نے اپنی حکمت عملی بتا دی

لاہور: فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، خاتون اور 2 بچے قتل، ملزم نے خودکشی کر لی

جرمن چانسلر کی ایران جنگ پر تنقید کے بعد امریکا کا جرمنی سے 5 ہزار فوجیوں کے انخلا کا اعلان

ٹرمپ کا کانگریس کو خط، ایران کے ساتھ مسلح کشیدگی کے خاتمے کا اعلان

ویڈیو

پنجاب حکومت کی ’اپنا کھیت اپنا روزگار‘ اسکیم: لیہ کے بے زمین کسان کیا کہتے ہیں؟

ایندھن کی خریداری میں ہڑبونگ: عوام کی گھبراہٹ کتنی بجا، ملک میں ایندھن کتنا باقی؟

پی ایس ایل: اسٹیڈیمز آباد ہونے پر رونقیں دوبالا، شائقین پرجوش

کالم / تجزیہ

صحافت بمقابلہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس: کون جیتے گا؟

امریکی دبدبہ

چندی گڑھ میں لاہوری