35ویں نیشنل گیمز مقابلے میں خیبرپختونخوا کی بیٹیوں نے میدان مار لیا، سونے، چاندی اور طلائی کے تمغے جیت لیے

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے نوجوان ملاحوں نے محدود وسائل اور سہولیات کے باوجود قومی سطح پر شاندار کارکردگی دکھا کر صوبے کا نام روشن کر دیا ہے۔ 35ویں نیشنل گیمز کراچی 2025 میں صوبے کی 15 رکنی سیلنگ ٹیم نے پاکستان نیوی، ایئر فورس، آرمی، پنجاب اور سندھ جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 تمغے حاصل کیے۔

خیبرپختونخوا کی ہجاب اجمل نے ‘لیزر ریڈیئل سیل’ کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی اور صوبے کی پہلی گولڈ میڈلسٹ ملاح بن گئیں۔ ان کی چھوٹی بہن آمنہ اجمل نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیے: آئی سی سی چیمپیئن شپ: پاکستان ویمن کی زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں 168 رنز سے شاندار فتح

اسی مقابلے میں مریم عباسی نے انفرادی کیٹیگری میں چاندی جبکہ ان کی بہن تہمینہ عباسی نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے والد سجاد عباسی نے بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا، یوں یہ خاندان مجموعی طور پر نمایاں کارکردگی کا حامل رہا۔

کوچ رحیم داد خان نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں سیلنگ ٹیم 2019 میں تشکیل دی گئی تھی، تاہم صوبے میں باقاعدہ تربیتی سہولیات موجود نہیں۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کو ہر سال کراچی جا کر تربیت حاصل کرنا پڑتی ہے کیونکہ تربیتی مقامات کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کھیل نہایت مہنگا ہے اور کشتیاں عام کھلاڑیوں کی پہنچ سے باہر ہیں، اس لیے پاکستان نیوی تربیت اور مقابلوں کے دوران کشتیاں فراہم کرتی ہے۔ تربیتی سہولیات کی کمی کے باوجود ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان سپر لیگ 11: ملتان سلطانز کی فتح، راولپنڈیز کی مسلسل 8ویں شکست

ہجّاب اجمل نے کہا کہ وہ تعلیم اور کھیل دونوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھلاڑیوں کے لیے تربیتی سہولیات اور کیمپوں کے دوران رہائش و اخراجات میں مدد فراہم کی جائے تاکہ مزید نوجوان اس کھیل میں آگے بڑھ سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp