مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف 2023 میں لندن سے پاکستان واپس آنے کے بعد سے عیدالاضحیٰ لاہور میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ جاتی عمرہ میں مناتے آ رہے ہیں۔ وہ جاتی عمرہ میں نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور وہیں قربانی بھی کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ جاتی عمرہ میں عید مناتی ہیں۔ عید کے روز وہ خاندان کے افراد سے عید ملتے ہیں اور گھر میں خصوصی کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دفتر چھوڑیں اور فیلڈ میں آئیں، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا عید الاضحیٰ پر افسران کو فرنٹ لائن پر رہنے کا سخت حکم
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف اپنے گھر ماڈل ٹاؤن لاہور میں عید مناتے ہیں اور وہیں قربانی کرتے ہیں۔ شہباز شریف عید کے موقعے پر اپنے نواسوں اور نواسیوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور انہیں عیدی دیتے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی اپنے والد کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن میں نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور گھر پر ہی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔
عید کے روز وزیراعظم اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی عمرہ جاتے ہیں، والدین کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں جبکہ تمام خاندان کے افراد عید کا کھانا سابق وزیراعظم نواز شریف کے گھر پر اکٹھے کھاتے ہیں۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری حسب روایت عید اپنے آبائی شہر نواب شاہ میں واقع زرداری ہاؤس میں مناتے ہیں۔ وہیں نمازِ عید ادا کرتے ہیں، قربانی کرتے ہیں اور عمائدین و عوام سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیے: عید الاضحیٰ پر شدید گرمی کا امکان: محکمہ موسمیات نے 25 سے 31 مئی تک ملک گیر ہیٹ ویو کی پیشگوئی کردی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عموماً اپنی سیاسی و خاندانی روایت کے مطابق عید کا تہوار گڑھی خدا بخش میں مناتے ہیں۔ وہیں نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور عید کے روز پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو اپنی والدہ بے نظیر بھٹو اور نانا ذوالفقار علی بھٹو کی قبروں پر حاضری بھی دیتے ہیں جبکہ آصفہ بھٹو بھی ان کے ہمراہ عید مناتی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ملتان میں عید منائیں گے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور میں نمازِ عید ادا کریں گے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ اپنے آبائی شہر نواب شاہ میں نمازِ عید ادا کریں گے۔
اپوزیشن جماعتوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اپنے آبائی گاؤں عبدالخیل، ڈیرہ اسماعیل خان میں عید منائیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی عید اپنے آبائی علاقے چمن میں گزاریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر عید بونیر میں منائیں گے جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ممکنہ طور پر اڈیالہ جیل میں عید کا دن گزاریں گے۔
مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ کے موقع پر کون سے سیاحتی مقامات سیر و تفریح کے لیے بہترین ہیں؟
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقعے پر سیاسی قیادت کی مختلف مقامات پر موجودگی کے باعث سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ عوامی سطح پر بھی عید کی تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔













