وزیراعظم کا 23 سے 26 مئی تک چین کا اہم دورہ، اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ چینی صدر اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 75 برس مکمل ہو چکے ہیں اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے ترجمان دفتر خارجہ کا اسرائیلی سفیر کے بیان پر سخت ردعمل، الزامات مسترد

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اور قطر کے امیر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے، جبکہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم کے مختلف عالمی رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں تاکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتکاری ناگزیر، ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

طاہر اندرابی نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں سلامتی اور استحکام کے ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp