مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باوجود حج زائرین کی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہوگئی

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی حکام کے مطابق آئندہ حج کے لیے اب تک 15 لاکھ سے زائد غیر ملکی زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جو مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باوجود گزشتہ سال کے غیرملکی زائرین کی تعداد سے زیادہ ہے۔

فروری کے آخر میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد شروع ہونے والے اس تنازع کے نتیجے میں تہران نے خلیجی ممالک میں کئی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ان حملوں کی وجہ سے فضائی ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور فضائی سفر کے اخراجات میں بھی بھاری اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: حج سیکیورٹی پلان: سعودی عرب کا عازمینِ حج کے لیے شاہراہوں کو محفوظ اور پرسکون بنانے کا فیصلہ

متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کی بڑی فضائی کمپنیوں نے ہفتوں تک فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی منسوخی کے بعد اپنی آپریشنل صلاحیت کو تیزی سے بحال کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

ان تمام تر مشکلات اور پیچیدگیوں کے باوجود دنیا بھر سے زائرین نے اس سال حج میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا رخ کرنا جاری رکھا۔

سعودی عرب کی حج پاسپورٹ فورسز کے کمانڈر صالح المربع نے جمعے کی رات ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کی کل تعداد 15 لاکھ 18 ہزار 153 تک پہنچ چکی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پیر کے روز سے شروع ہونے والے حج کے باقاعدہ مناسک سے قبل، اگلے 2 دنوں میں غیرملکی زائرین کی اس تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: خطبہ حج دنیا بھر میں 35 زبانوں میں نشر کیا جائے گا

اگر گزشتہ سال کے اعداد و شمار کا موازنہ کیا جائے تو پچھلے سال حج کرنے والے زائرین کی کل تعداد 1,673,320 تھی، جس میں سعودی عرب سے باہر سے آنے والے 1,506,576 زائرین شامل تھے۔

اس لحاظ سے اس سال اب تک پہنچنے والے غیر ملکی زائرین کی تعداد گزشتہ سال کے مجموعی غیر ملکی زائرین سے زیادہ ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ حج اسلام کے 5 ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے، جو زندگی میں کم از کم ایک بار ہر اس مسلمان پر فرض ہے جو اس کی استطاعت رکھتا ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp