مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کی صدارت نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج کے موقع پر میدان عرفات سے دیا جانے والا خطبۂ حج 35 مختلف زبانوں میں ترجمے کے ساتھ دنیا بھر میں نشر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں پر ادائیگی حج اور قربانی کرنے پر پابندی عائد
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطبے کا پیغام دنیا بھر کے مسلمانوں تک پہنچانا اور اسلام کی اعتدال، رواداری اور امن کی تعلیمات کو فروغ دینا ہے۔
خطبہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مختلف میڈیا چینلز کے ذریعے نشر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب کی اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے عزم کا عکاس ہے۔
مزید پڑھیے: حجاج کی سہولت کے لیے جدید روڈ کولنگ منصوبہ، سفر مزید آرام دہ بنانے لیے مثالی اقدامات
ان کے مطابق سعودی قیادت حجاج کرام کے روحانی تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
شیخ السدیس نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال سے خطبۂ حج کے روحانی اور انسانی پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ غیر عربی بولنے والے مسلمان بھی اس کے پیغام کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔
مزید پڑھیں: سرکاری حج اسکیم: پاکستانی عازمین کو کھانے میں کیا کچھ دیا جارہا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ خطبے کی ترسیل کے لیے جدید تکنیکی اور میڈیا سہولیات کے ساتھ خصوصی ماہر ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کے ساتھ نشریات کو یقینی بنایا جا سکے۔














