عیدالاضحیٰ: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا سخت ایکشن، 2453 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان

جمعہ 29 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق عید کے پہلے دو روز کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جبکہ مختلف شاہراہوں اور تفریحی مقامات پر خصوصی دستے تعینات رہے۔

ترجمان کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2453 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان کیے گئے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 836 موٹرسائیکلیں اور 94 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ اس کے علاوہ جان لیوا ٹریفک خلاف ورزیوں پر 31 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ’گڈ سٹیزن‘ اسٹیکر کیا ہے؟

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد تفریحی مقامات کا رخ کرتی ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات سے بچاؤ کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ 15 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp