حج آپریشن: ایک لاکھ سے زائد عازمین کی پاکستان واپسی کا شیڈول جاری

ہفتہ 30 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی حاجیوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز 31 مئی سے کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف پروازوں کے ذریعے عازمین کو سعودی عرب سے پاکستان واپس لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:مکہ مکرمہ: سعودی خواتین حج سیزن میں زائرین کی خدمت میں پیش پیش

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ پہلی حج پرواز 31 مئی کی رات جدہ سے روانہ ہو کر سیالکوٹ پہنچے گی، جس میں 391 حاجی وطن واپس آئیں گے۔ حج آپریشن کے پہلے ہی روز مختلف شہروں کے لیے متعدد پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق یکم جون کو 22 پروازوں کے ذریعے 5237 حجاج کرام پاکستان پہنچیں گے۔ اسی روز اسلام آباد کے لیے 5، کراچی اور لاہور کے لیے 4،4، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے 3،3، فیصل آباد کے لیے 2 جبکہ کوئٹہ کے لیے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمین حج کو وطن واپس لایا جائے گا۔ زیادہ تر پروازیں پاکستانی وقت کے مطابق یکم جون کو مختلف شہروں میں لینڈ کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:حج سیزن میں 29 اوپن ہارٹ سرجریز اور 251 کیتھیٹرائزیشن آپریشنز مکمل

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مدینہ منورہ سے واپسی کی پروازیں 3 جون سے شروع ہوں گی جبکہ حج آپریشن کا آخری مرحلہ 30 جون کو لاہور میں مکمل ہوگا۔

حکام کے مطابق واپسی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp