امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر میں کیے گئے حالیہ طبی معائنے اور ذہنی صلاحیت کے ٹیسٹ کے نتائج ’انتہائی بہترین‘ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ذہنی صلاحیت کے ٹیسٹ میں 30 میں سے 30 نمبر حاصل کیے، جو ان کے مطابق غیر معمولی ذہانت کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا ڈونلڈ ٹرمپ کا دماغ ٹھکانے پر ہے؟ رپورٹ کل آجائے گی
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ان کا حالیہ جسمانی معائنہ، جو والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر میں کیا گیا، مکمل طور پر تسلی بخش رہا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ذہنی صلاحیت کے ٹیسٹ میں مکمل نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے، اور ان کے مطابق یہ کارکردگی ’انتہائی ذہانت‘ کی عکاس ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ چوتھی مرتبہ ہے جب انہوں نے ایسا ٹیسٹ دیا ہے اور ہر بار انہیں مکمل یا مثالی اسکور حاصل ہوا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں تمام صدارتی اور نائب صدارتی امیدواروں کے لیے اعلیٰ سطح کے ذہنی صلاحیت کے ٹیسٹ لازمی ہونے چاہییں۔ انہوں نے امریکی کانگریس اور سیاسی مخالف جماعت ڈیموکریٹس سے بھی مطالبہ کیا کہ اس تجویز کی حمایت کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:’امریکی صدر ٹرمپ انتقال کرگئے’ دعوے اور تصاویر وائرل ہونے لگیں
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان جیسے کامل اسکور حاصل کرنا انتہائی نایاب ہے، اور ان کے مطابق یہ ان کی ذہنی کارکردگی اور صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں سیاسی ماحول پہلے ہی انتخابی مباحث اور امیدواروں کی اہلیت کے حوالے سے بحث کا شکار ہے۔













