ورلڈ کپ 2026 کے آغاز پر فیفا اور نیٹ فلکس کا مشترکہ گیمنگ منصوبہ

جمعہ 5 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بین الاقوامی فٹبال فیڈریشن (فیفا) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ 11 جون کو نیٹ فلکس گیمز پر اپنا نیا فٹبال ویڈیو گیم ’فیفا ورلڈ کپ: لانچ ایڈیشن‘ جاری کرے گا۔

گیم کی ریلیز کا وقت 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 104 میچز، 48 ٹیمیں اور اربوں شائقین، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کیا کچھ نیا ہونے جارہا ہے؟

فیفا کے مطابق یہ گیم نیٹ فلکس کے تمام سبسکرائبرز کے لیے بغیر کسی اضافی فیس کے خصوصی طور پر دستیاب ہوگا۔

عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی اپنی نئی ڈیجیٹل حکمتِ عملی کے تحت شائقین کی دلچسپی اور شرکت میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔

نیٹ فلکس گیمز اور ڈیلفی انٹرایکٹو کے اشتراک سے تیار کیے گئے اس گیم کو ایک آسان اور قابلِ رسائی فٹبال سیمولیشن کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس گیم میں صارفین ورلڈ کپ کے مکمل تجربے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

کھلاڑی ورلڈ کپ میں شریک تمام 48 قومی ٹیموں میں سے کسی بھی ٹیم کا انتخاب کر سکیں گے اور ٹورنامنٹ کے 16 مختلف اسٹیڈیمز میں میچ کھیل سکیں گے۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا فراڈ، 36 جعلی ویب سائٹس متحرک، الرٹ جاری

گیم میں 1,200 سے زائد فٹبالرز شامل کیے گئے ہیں، اور فیفا کے مطابق اس گیم میں اسمارٹ فون کنٹرولر کے طور پر استعمال ہوگا۔

صارفین ایک کیو آر کوڈ اسکین کرکے اپنے فون کو ٹیلی ویژن سے منسلک کر سکیں گے۔ ایک وقت میں 4 کھلاڑی مل کر بھی گیم کھیل سکیں گے۔

فیفا نے کہا کہ یہ لانچ ای اے اسپورٹس کے ساتھ طویل شراکت داری کے خاتمے کے بعد اس کی نئی گیمنگ پالیسی کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل ترانہ جاری، شکیرا نے رائلٹی بچوں کی تعلیم پر خرچ کرنے کا اعلان کردیا

ادارہ اب ایک کثیر شراکت دار نظام کی طرف بڑھ رہا ہے تاکہ مختلف پلیٹ فارمز اور وسیع تر سامعین تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

گورننگ باڈی کے مطابق یہ گیم ایک طویل المدتی منصوبے کا نقطۂ آغاز ہے، جس میں مستقبل میں مزید فیچرز اور اضافی پلیٹ فارم سپورٹ بھی شامل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون کو شروع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp