ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار، 11 جون سے بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع، این ڈی ایم اے

پیر 8 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 12 جون تک کی متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے متعلق پیشگی جائزہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہے گی جبکہ 11 اور 12 جون کو بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ 7 سے 10 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور شمالی پنجاب بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے نمایاں زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع، سیلاب اور ژالہ باری کا خدشہ

رپورٹ کے مطابق 11 اور 12 جون کو اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی انہی تاریخوں کے دوران بارش متوقع ہے۔

سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور تھرپارکر سمیت بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں 11 اور 12 جون کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، بالائی کوہستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شگر ویلی روڈ، سکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور شاہراہ قراقرم پر بھی مٹی اور پتھر گرنے کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق درکوٹ، لاشٹ، ریشن، بونی، بدسوات، شسپر، گلگن، ہنارچی، روشن اور کمراٹ سمیت کئی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر، چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خراب موسم کے دوران احتیاط برتیں اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھرمیں بارشوں کا نیا سلسلہ کب متوقع؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

این ڈی ایم اے نے جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے عوام کو شدید گرمی کے باعث خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری آمدورفت سے اجتناب کیا جائے، محنت کش افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی حفاظت کو ترجیح دی جائے۔

اتھارٹی نے عوام سے کہا ہے کہ موسمی صورتحال، حفاظتی تدابیر اور بروقت آگاہی کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp