ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ اور پرتگال کی کامیابیاں، حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ سے قبل اپنے آخری وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں کوسٹا ریکا کو 0-3 سے شکست دے دی۔

شدید گرج چمک اور موسلا دھار بارش کے باعث میچ کا آغاز ایک گھنٹہ تاخیر سے ہوا، تاہم انگلش ٹیم کی کارکردگی پر اس کا کوئی اثر نہ پڑا۔

انتھونی گورڈن میچ کے نمایاں کھلاڑی رہے، انہوں نے ایک گول اسکور کیا اور ایک گول میں معاونت فراہم کرتے ہوئے کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ابتدائی ٹیم میں شامل کیے جانے کا مضبوط دعویٰ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز، عالمی ستاروں کی پرفارمنس

فلوریڈا میں شدید بارش اور آسمانی بجلی کے باعث انٹر اینڈ کو اسٹیڈیم کا میدان پانی سے بھر گیا تھا، جس کے نتیجے میں میچ کا آغاز مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ بعد کیا گیا۔

انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوخیل نے ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتاری اور ایک گھنٹے سے زائد وقت گزرنے تک تبدیلیاں نہ کرکے اشارہ دیا کہ یہی کھلاڑی کروشیا کے خلاف بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

گورڈن اور جوڈ بیلنگھم اس میچ کے بڑے فاتح ثابت ہوئے، جبکہ بیلنگھم نے ہیری کین کے پیچھے اٹیکنگ پوزیشن کے لیے مورگن راجرز پر سبقت حاصل کر لی۔

میچ کے 9ویں منٹ میں گورڈن نے شاندار دوڑ لگاتے ہوئے گیند ڈیکلن رائس کو پاس کی، جنہوں نے انگلینڈ کو برتری دلا دی۔

63 ویں منٹ میں ٹوخیل نے 6 تبدیلیاں کیں جن میں کپتان ہیری کین بھی شامل تھے۔

کین کے میدان سے باہر جانے کے بعد پینالٹی کی ذمہ داری گورڈن نے سنبھالی، ایبریچی ایزے کی شاٹ کو کوسٹا ریکا کے ایک مدافع نے ہاتھ سے روکا جس پر پینالٹی دی گئی۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میکسیکو کا شاندار آغاز، جنوبی افریقہ کو 0-2 سے شکست، میچ میں 3 ریڈ کارڈز

جسے گورڈن نے کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے اپنی قومی ٹیم کے لیے تیسرا گول اسکور کیا۔

انگلینڈ کا تیسرا گول اولی واٹکنز نے کیا جب مورگن راجرز کی شاٹ گول کیپر نے روکی، لیکن گیند واٹکنز کے سامنے آ گئی اور انہوں نے اسے جال میں پہنچا دیا۔

اگرچہ انگلینڈ گزشتہ 60 برس سے کوئی بڑا بین الاقوامی ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا، تاہم اسے رواں ورلڈ کپ کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: فٹبال کا جنون عروج پر، ظہران ممدانی کا فیفا ورلڈ کپ فائنل کی مفت واچ پارٹی کا اعلان

کروشیا کے بعد انگلینڈ گروپ ‘ایل’ میں گھانا اور پاناما کے خلاف بھی میدان میں اترے گا۔

دوسری جانب بدھ کو کھیلے گئے ایک اور وارم اپ میچ میں پرتگال نے نائیجیریا کو 1-2 سے شکست دی۔

پرتگال کی جانب سے پیڈرو نیٹو اور فرانسسکو کونسیساؤ نے گول اسکور کیے، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کئی اچھے مواقع ضائع کر گئے۔

پیڈرو نیٹو نے پہلے ہاف کے دوران پرتگال کو برتری دلائی، لیکن نائیجیریا نے اکور ایڈمز کے ذریعے برابر گول کر دیا۔

میچ کے اختتامی 15 منٹ میں فرانسسکو کونسیساؤ نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے پرتگال کو فتح دلائی۔

41 سالہ رونالڈو اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے تیار ہیں، تاہم بعض مبصرین کو خدشہ ہے کہ ان کی موجودگی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل امریکا کی نئی سفری ہدایت، میکسیکو جانے والے شائقین کو احتیاط برتنے کا مشورہ

پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینیز نے مکمل اسکواڈ دستیاب ہونے پر وٹینیا، جواؤ نیویس اور برونو فرنینڈس کو مڈفیلڈ میں میدان میں اتارا۔

پرتگالی ٹیم جمعہ کو فلوریڈا کے پام بیچ روانہ ہوگی جہاں وہ اپنا بیس کیمپ قائم کرے گی۔

پرتگال اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز 17 جون کو ہیوسٹن میں جمہوریہ کانگو کے خلاف کرے گا، جبکہ گروپ ‘کے’ میں اس کے دیگر حریف ازبکستان اور کولمبیا ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp