وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ اور فنانس بل کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے بجٹ دستاویزات کی منظوری کے ساتھ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی بھی منظوری دی۔ بتایا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ دو مراحل میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں نسبتاً زیادہ اضافہ کیا جائے گا، جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کے لیے بھی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق اقدامات بجٹ کا حصہ ہوں گے۔
الحمدللہ اس بجٹ کو بہت محنت اور خلوص سے تیار کیا گیا ہے، اور پاکستان کی عظیم قوم کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 12, 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ بجٹ پوری محنت، توجہ اور خلوص کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس میں عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کی تیاری کے دوران عوامی ضروریات اور معاشی استحکام کو مدنظر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: وفاقی بجٹ میں انفرااسٹرکچر اور توانائی منصوبوں کے لیے بھاری فنڈز کی تجویز
وفاقی بجٹ اب قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس پر بحث اور پارلیمانی کمیٹیوں میں غور کے بعد فنانس بل کی منظوری دی جائے گی۔ آئینی تقاضوں کے مطابق بجٹ کی حتمی منظوری قومی اسمبلی سے حاصل کی جاتی ہے، جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور نئے مالی سال کے آغاز پر نافذ العمل ہو جاتا ہے۔














