زبردست سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا، ایران امن معاہدے کے متفقہ متن پر اتفاق ہوچکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلسل اور بھرپور سفارتی و ثالثی کوششوں کے نتیجے میں ایک اہم امن معاہدہ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے، تاہم بعض عناصر اس عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے مسلسل گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاری شدید ثالثی کوششوں کے دوران ان تمام غلط معلومات پر مبنی مہمات سے بخوبی آگاہ ہے جو امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کے لیے چلائی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ شور و غوغا اور افواہوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ امن معاہدے کے حتمی اور متفقہ متن پر اتفاق ہو چکا ہے اور پاکستان اب دونوں فریقوں کے ساتھ مل کر اگلے مراحل کو حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطے میں ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن آج جتنا قریب ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں:ایران پر حملہ منسوخ کرنے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستانی قیادت کو فون، پاکستان نے سفارتی رابطوں میں اہم کردار کیا، امریکی تجزیہ کار

وزیراعظم نے اپنی اس پوسٹ میں متعدد عالمی شخصیات اور متعلقہ رہنماؤں کو بھی ٹیگ کیا، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف، امن مشنز کے نمائندے، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے اگرچہ امن معاہدے میں شامل فریقوں کی تفصیلات بیان نہیں کیں، تاہم ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں سفارتی سطح پر اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کا بیان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور مذاکراتی عمل میں پاکستان کے فعال کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے اور اس کے نفاذ سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ دنوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp