آسام میں بھارتی فضائیہ کا AN-32 طیارہ حادثے کا شکار، 5 اہلکار ہلاک

ہفتہ 13 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

بھارت کی ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں بھارتی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ AN-32 لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے میں فضائیہ کے 5 جوان ہلاک ہوگئے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

بھارتی فضائیہ کا AN-32 ٹرانسپورٹ طیارہ آسام کے جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے میں فضائیہ کے 5 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ جائے حادثہ پر ریسکیو اور تحقیقاتی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فضائیہ کو بڑا دھچکا: تیجس جیٹ کے تیسرے حادثے کے بعد طیارے گراؤنڈ کردیے

آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

AN-32 طیارہ بھارتی فضائیہ کا ایک اہم فوجی ٹرانسپورٹ جہاز ہے جو دشوار گزار علاقوں، بلند پہاڑی مقامات اور مشکل موسمی حالات میں سامان اور اہلکاروں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ماہ قبل بھی آسام میں بھارتی فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں 2 پائلٹس ہلاک ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp