کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے) نے پاک فوج کے افسران بن کر شہریوں کو لوٹنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورک بے نقاب، متعدد ملزمان گرفتار
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل ولد بدرالدین قریشی اور حمزہ ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سینیئر فوجی اور سرکاری افسران بن کر شہریوں سے ٹرانسفر پوسٹنگ کے نام پر رقم بٹورتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے پاک فوج کے نام کا ناجائز استعمال کر کے شہریوں کو سرکاری کاموں کا جھانسہ دے کر لوٹا۔
دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم، جعل سازی اور شہریوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔











