اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس میں 3300 پوائنٹس کا اضافہ

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان جاری رہا، اور مارکیٹ نے مثبت آغاز کیا۔ کاروباری سرگرمیوں کے ابتدائی منٹوں میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں تقریباً 3,300 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

دوپہر 12:15 بجے کے قریب، بینچ مارک انڈیکس 180,320.11 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 3,280.29 پوائنٹس یا 1.85 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر، عالمی معیشت کے لیے مثبت پیشرفت ہے، وزیر خزانہ

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، کیمیکل، کمرشل بینکس، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز اور ریفائنری سیکٹرز میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔

 او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، ماری پیٹرولیم، اٹک ریفائنری لمیٹڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور میزان بینک جیسے انڈیکس میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹاکس سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی دیکھی گئی تھی، جب سرمایہ کاروں نے وفاقی حکومت کے بجٹ اقدامات اور امریکا و ایران کے درمیان ابتدائی امن سمجھوتے کی خبروں پر مثبت ردعمل دیا۔

پیر کے روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 4,639.93 پوائنٹس یعنی 2.69 فیصد سے بڑھ کر 177,039.83 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی منڈیوں میں منگل کے روز ایشیائی اسٹاکس میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کار مرکزی بینکوں کے فیصلوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جن میں بینک آف جاپان کی ممکنہ شرح سود میں اضافے کی توقع بھی شامل ہے۔

خلیجی ممالک کی صورتحال کے حوالے سے ابتدائی جوش میں کمی کے بعد مارکیٹ کا رجحان نسبتاً محتاط ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج نے مندی کا رجحان پلٹ دیا، انڈیکس 1 لاکھ 69 ہزار 972 پوائنٹس تک پہنچ گیا

برینٹ خام تیل کی قیمت 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 83.25 ڈالر فی بیرل رہی، جبکہ ایشیائی اور یورپی شپنگ کمپنیوں کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت کی بحالی پر اعتماد بحال ہونے میں مزید ہفتے لگ سکتے ہیں۔

ایشیائی حصص بازار بھی ملا جلا رجحان دکھا رہے ہیں، ہانگ کانگ کے کمزور معاشی اعداد و شمار کے باعث دباؤ دیکھا گیا جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp