اسٹاک ایکسچینج نے مندی کا رجحان پلٹ دیا، انڈیکس 1 لاکھ 69 ہزار 972 پوائنٹس تک پہنچ گیا

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر فروختی دباؤ دیکھنے میں آیا، تاہم بعد ازاں مارکیٹ نے نمایاں ریکوری کرتے ہوئے مثبت رجحان اختیار کر لیا۔

دوپہر تک بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 544.84 پوائنٹس یعنی 0.32 فیصد اضافے کے ساتھ 169,972.29 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

اس موقع پر اسٹاک مارکیٹ کا مجموعی کاروباری حجم 71.32 ملین حصص ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟

کاروبار کے ابتدائی لمحات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کے باعث مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔

صبح 9:39 بجے کے ایس ای 100 انڈیکس 336.24 پوائنٹس یعنی 0.20 فیصد کمی کے ساتھ 169,091.20 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

تاہم آٹوموبائل، سیمنٹ اور کمرشل بینکنگ سمیت اہم شعبوں میں خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کو سہارا دیا اور مندی کا دباؤ ختم ہو گیا۔

بدھ کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی دیکھی گئی تھی، جب انڈیکس 903.12 پوائنٹس یعنی 0.53 فیصد کمی کے ساتھ 169,427.44 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ اس سے قبل انڈیکس 170,330.56 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں جمعرات کو منفی رجحان غالب رہا۔

امریکا میں توقعات سے زیادہ مہنگائی کے اعدادوشمار سامنے آنے کے بعد وال اسٹریٹ میں فروخت کا دباؤ بڑھا، جس کے اثرات ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے۔

مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، انڈیکس 170 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگیا

علاوہ ازیں ایران پر امریکی حملوں کی تجدید کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک خطے کے حصص پر مشتمل ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.9 فیصد گر گیا، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس تقریباً 3 فیصد کمی کے ساتھ نمایاں دباؤ میں رہا۔

اسی طرح ایس اینڈ پی 500 ای-منی فیوچرز میں بھی 0.3 فیصد کمی دیکھی گئی۔

عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2 فیصد اضافے کے ساتھ 94.93 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران تیزی سے بڑھنے والی ایشیائی مارکیٹیں مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہیں، کیونکہ سرمایہ کار کمپنیوں کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافے کی توقعات کے پائیدار ہونے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا معاہدے کی امید، ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں زبردست تیزی، تیل کی قیمتوں میں کمی

سنگاپور میں برنسٹین کی ایشیائی کوانٹ اسٹریٹجسٹ روپل اگروال کے مطابق جنوبی کوریا، تائیوان اور ایشیائی ٹیکنالوجی سیکٹر میں بلند سطح کی سرمایہ کارانہ توقعات اور پہلے سے موجود بلند ویلیوایشنز مارکیٹ کو مزید اتار چڑھاؤ کے لیے حساس بنا رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp