ایران امریکا امن معاہدہ یمن میں بھی امن کی راہ ہموار کر سکتا ہے، پاکستان

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ امن معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے جو یمن میں طویل عرصے سے جاری تنازع کے حل اور امن عمل کو بھی نئی تقویت دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی ایران امریکا امن معاہدے میں پاکستان اور قطر کے کردار کی ستائش

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن سے متعلق بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ حالیہ علاقائی پیشرفت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ کشیدگی کے خطرات کے باوجود سفارتکاری ہی مسائل کے پائیدار حل کا مؤثر راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والا امن معاہدہ خطے میں تناؤ کم کرنے اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت ہے جس سے یمن سمیت پورے خطے میں امن اور سیاسی مفاہمت کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو سکتا ہے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یمن کو اب بھی سیاسی، معاشی اور انسانی بحرانوں کا سامنا ہے تاہم حالیہ مہینوں کے دوران ملک میں نسبتاً امن رہا ہے، جہاں بڑے پیمانے پر جھڑپوں کا فقدان دیکھا گیا جبکہ تجارتی بحری جہازوں پر حملے بھی نہیں ہوئے۔

مزید پڑھیے: ایران امریکا معاہدہ: تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی، مارکیٹ کو آبنائے ہرمز کی بحالی کا انتظار

انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ کشیدگی میں کمی ممکن ہے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

ان کے بقول یمن میں دیرپا امن صرف اقوام متحدہ کی سرپرستی میں، یمنی قیادت اور یمنی ملکیت کے جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے جس میں تمام فریقین کی شمولیت ضروری ہے۔

پاکستانی مندوب نے حوثیوں اور یمنی حکومت کے درمیان تقریباً 1,600 قیدیوں اور زیر حراست افراد کے تبادلے کے حالیہ معاہدے کا بھی خیرمقدم کیا اور اسے اعتماد سازی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کی مثال ہے کہ جب سفارتکاری کو موقع دیا جائے تو مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے امید ظاہر کی کہ امریکا۔ایران معاہدے سے پیدا ہونے والی مثبت سفارتی فضا پورے خطے میں اثر انداز ہوگی اور یمن میں امن، سیاسی مذاکرات، استحکام اور ترقی کے لیے مزید مواقع پیدا کرے گی تاکہ یمنی عوام طویل بحران کے بعد امن کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا معاہدہ: تعمیرِ نو و ترقیاتی فنڈز سمیت تہران کو سرمایہ کاری کی یقین دہانیاں

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ یمن کے انسانی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے اپنی امدادی کوششوں میں اضافہ کرے جبکہ سلامتی کونسل کو ایک متحد اور تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال یمن کے قیام میں تعاون جاری رکھنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp