جمہوریہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم ایگیاپونگ نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور گھانا کا سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
جی ایچ کیو آمد پر مہمان فوجی عہدیدار کو مسلح افواج کے چاق و چوبند تینوں سروسز کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جس میں مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو خصوصی اہمیت دی گئی۔
مزید پڑھیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک سال میں جنگ اور امن دونوں محاذوں کے فاتح رہے، خواجہ آصف
گھانا کے عسکری سربراہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔
بعد ازاں جمہوریہ گھانا کے نیشنل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی جبکہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔
اس موقعے پر لیفٹیننٹ جنرل ولیم ایگیاپونگ بھی ہمراہ موجود تھے۔
مزید پڑھیں: امن مذاکرات: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک بار پھر خراج تحسین
دونوں ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔














