سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام برگن اسٹاک میں ہونے والے طویل مذاکرات کے بعد امریکا اور ایران نے آئندہ 60 روز کے اندر ایک حتمی امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق کر لیا ہے۔ پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے اور تکنیکی سطح پر مزید بات چیت کے لیے باقاعدہ طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا ہے۔
سوئٹزر لینڈ، اس سے قبل بھی مختلف اہم عالمی معاہدوں کے لیے مشہور ہے۔ علاوہ ازیں متعدد اہم عالمی اداروں کے صدر دفاتر بھی یہاں موجود ہیں۔ آئیے! ذیل میں دیکھتے ہیں کہ قبل ازیں کون کون سے اہم معاہدے سوئٹزر لینڈ کی سرزمین پر طے پائے اور کون سے عالمی اداروں کے صدر دفاتر یہاں قائم ہیں۔
سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا عالمی معاہدات کے لیے خاص شہرت رکھتا ہے۔ انسانی حقوق اور جنگی قیدیوں کے ساتھ سلوک کے حوالے سے جنیوا کنونشنز ایسے معاہدات ہیں جن کا اکثر و بیشتر ذکر کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے امریکا ایران مذاکرات میں اہم پیشرفت، 60 روز میں حتمی امن معاہدے پر اتفاق
پاکستان کے ساتھ ساتھ دُنیا بھر کی عدالتوں میں جنیوا کنونشن کی شقوں کا ذکر اکثر وکلاء کے مباحثوں میں ملتا ہے لیکن سوئٹزرلینڈ کو عالمی سفارت کاری میں ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ اس کی غیر جانبدار پالیسی، جنیوا جیسے سفارتی شہر اور بین الاقوامی تنظیموں کی میزبانی نے اسے دنیا کے اہم ترین مذاکراتی مراکز میں تبدیل کر دیا ہے۔
یہاں کئی ایسے تاریخی معاہدات طے پائے جنہوں نے جنگوں کا رخ موڑا، تنازعات ختم کئے اور عالمی سیاست کو نئی سمت دی۔ حالیہ برسوں میں جنیوا عالمی جوہری مذاکرات کا بھی مرکز رہا۔
سوئٹزرلینڈ کِن کِن عالمی تنظیموں کا مرکز ہے؟
سوئٹزرلینڈ کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ سمجھا جائے یہ ملک کِن کن عالمی تنظیموں کا مرکز ہے؟
اقوام متحدہ کا جنیوا مرکز
جنیوا اقوام متحدہ کا نیویارک کے بعد دوسرا بڑا مرکز ہے۔ یہاں انسانی حقوق، امن، صحت اور مہاجرین سے متعلق بڑی ایجنسیاں کام کرتی ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن)
یہ عالمی صحت کا مرکزی ادارہ ہے جو وباؤں، صحت کے عالمی معیار اور پالیسی سازی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
عالمی تجارتی تنظیم (ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن)
یہ ادارہ عالمی تجارت کے قوانین، تنازعات اور تجارتی پالیسیوں کو ریگولیٹ کرتا ہے۔
انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن
یہ ادارہ مزدوروں کے حقوق، اجرت اور کام کے عالمی معیار طے کرتا ہے
بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی
یہ جنگی حالات میں انسانی امداد اور جنگی قیدیوں کے تحفظ کے لیے دنیا کا سب سے اہم انسانی ادارہ ہے، جس کا مرکز جنیوا میں ہے۔
اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین ( یواین ایچ سی آر)
یہ ادارہ مہاجرین اور پناہ گزینوں کے عالمی مسائل سے نمٹتا ہے۔
فیفا
فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی زیورخ میں قائم ہے اور عالمی کھیلوں کی سیاست میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
بینک آف انٹرنیشنل سیٹلمینٹس
یہ ادارہ مرکزی بینکوں کے درمیان مالی تعاون اور عالمی مالیاتی استحکام کے لیے کام کرتا ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں کون کون سے عالمی معاہدات طے پائے؟
جنیوا کنونشنز: انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی بنیاد
جنیوا کنونشنز بین الاقوامی انسانی قانون کا سب سے بنیادی ستون سمجھے جاتے ہیں۔ یہ معاہدات پہلی مرتبہ 1864 میں شروع ہوئے، مگر ان کی مکمل اور جدید شکل 1949 کے بعد سامنے آئی جب دوسری عالمی جنگ کے ہولناک تجربات نے دنیا کو مجبور کیا کہ جنگ کے دوران بھی کچھ بنیادی انسانی حدود طے کی جائیں۔
1949 کے جنیوا کنونشنز دراصل 4 بڑے معاہدات پر مشتمل ہیں جو یہ اصول واضح کرتے ہیں کہ مسلح تنازعے کی صورت میں کن افراد کو تحفظ حاصل ہوگا اور کس طرح جنگ لڑی جائے گی۔
پہلا کنونشن زمینی جنگ میں زخمی اور بیمار فوجیوں کے تحفظ سے متعلق ہے، جس کے تحت جنگی میدان میں موجود زخمی افراد کو دشمن بھی طبی امداد دینے کا پابند ہے۔
دوسرا کنونشن سمندری جنگ میں زخمیوں اور جہاز تباہ ہونے والے افراد کے تحفظ کے اصول بیان کرتا ہے۔ تیسرا کنونشن جنگی قیدیوں کے ساتھ سلوک، ان کے حقوق اور ان کی انسانی حیثیت کو تسلیم کرتا ہے، جس کے تحت انہیں تشدد، غیر انسانی سلوک یا ذلت آمیز رویے سے محفوظ رکھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے سوئٹرز لینڈ امن مذاکرات، ایران اور امریکی وفد میں کون، کون شامل ہیں، نام سامنے آگئے!
چوتھا کنونشن سب سے اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ عام شہریوں کے تحفظ سے متعلق ہے۔ اس کے مطابق جنگ کے دوران غیر مسلح شہری آبادی، خواتین، بچوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ بعد میں 1977 اور 2005 کے اضافی پروٹوکولز نے ان قوانین کو مزید وسعت دی، خاص طور پر غیر ریاستی مسلح گروہوں، داخلی تنازعات اور جدید جنگی طریقوں کے تناظر میں۔ان کنونشنز کی ایک بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ صرف ریاستوں کے درمیان جنگی اصول نہیں بلکہ عالمی اخلاقی معیار بھی طے کرتے ہیں۔ آج دنیا کے تقریباً تمام ممالک ان معاہدات کے سگنیٹری ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ جنگ کی صورت میں بھی انہیں کچھ بنیادی انسانی حدود کا پابند رہنا ہوتا ہے۔
جنیوا کنونشن برائے مہاجرین 1951
یہ معاہدہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں طے پایا جس نے مہاجرین کی قانونی حیثیت، حقوق اور تحفظ کے عالمی اصول مقرر کیے۔ یو این ایچ سی آر آج بھی اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین اسی فریم ورک کے تحت کام کرتا ہے۔
جنیوا معاہدات 1954: انڈوچائنہ جنگ کا خاتمہ
جنیوا میں 1954 کے معاہدے ویتنام، لاؤس اور کمبوڈیا میں جاری پہلی انڈوچائنا جنگ کے خاتمے کا اہم مرحلہ تھے۔ ان مذاکرات میں بڑی طاقتیں شامل تھیں اور ویتنام کو عارضی طور پر 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ یہ معاہدہ سرد جنگ کی ابتدائی بڑی سفارتی کامیابیوں میں شمار ہوتا ہے۔
1988 سوویت انخلاء جنیوا معاہدہ
1980 کی دہائی میں افغانستان سرد جنگ کا سب سے بڑا محاذ بن چکا تھا۔ سوویت یونین افغانستان میں موجود تھا جبکہ لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم تھے۔ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں کئی سال تک مذاکرات جاری رہے جن میں پاکستان ایک مرکزی فریق کے طور پر شریک رہا۔ بالآخر 14 اپریل 1988 کو جنیوا معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے میں پاکستان اور افغانستان براہِ راست فریق تھے جبکہ امریکہ اور سوویت یونین ضامن کے طور پر شامل ہوئے۔ معاہدے کے نتیجے میں سوویت افواج کے انخلا کا شیڈول طے پایا اور فروری 1989 تک انخلا مکمل ہو گیا۔














