گلگت بلتستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد عوام پرامید ہیں کہ نئی کابینہ خطے کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے حافظ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر
شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، تعلیمی سہولیات کی کمی، خستہ حال سڑکیں اور صحت کے شعبے کے مسائل عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں جن کے فوری حل کی ضرورت ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ وہ نئی حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ عوامی مسائل کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
شہریوں کے مطابق بجلی کے بحران کے خاتمے، تعلیمی اداروں کی بہتری، صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
مزید پڑھیے: گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کون ہیں؟
گلگت بلتستان کے شہریوں نے حالیہ انتخابات کو مجموعی طور پر شفاف قرار دیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس مرتبہ اسمبلی میں تعلیم یافتہ اور نوجوان نمائندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تعلیم یافتہ قیادت سے عوامی مسائل کو بہتر انداز میں سمجھنے اور ان کے مؤثر حل کی امید وابستہ ہے۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنانے میں کامیاب، امجد ایڈووکیٹ بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب
عوام نے نئی حکومت اور کابینہ سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عوامی اعتماد پر پورا اترے اور گلگت بلتستان کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور قابل عمل پالیسی اختیار کرے۔













