16 پاسپورٹ، 245 ممالک اور 6 سال کا سفر، موسیقار نے دنیا گھومنے کا ریکارڈ بنا لیا

جمعہ 26 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

بنگلورو سے تعلق رکھنے والے موسیقار بینی پرساد نے دنیا کے ہر ملک کا سفر مکمل کر کے توجہ حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے صرف 6 سال، 6 ماہ اور 22 دن میں 245 ممالک اور خطوں کا سفر طے کیا، جس کے لیے ان کے 16 پاسپورٹ ویزوں اور مہروں سے بھر گئے۔

بھارتی موسیقار اور عالمی سیاح بینی پرساد نے دنیا گھومنے کے اپنے غیر معمولی سفر سے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انہیں اپنے 16 پاسپورٹ دکھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جن کے صفحات مختلف ممالک کے ویزوں اور سفری مہروں سے بھرے ہوئے ہیں۔

بینی پرساد کا کہنا ہے کہ انہوں نے دنیا کے تمام ممالک اور خطوں کا سفر مکمل کیا، جس میں انٹارکٹیکا بھی شامل ہے۔ انہوں نے یہ طویل سفر 6 سال، 6 ماہ اور 22 دن میں مکمل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:گنیز ورلڈ ریکارڈز نے سلطان گولڈن کے 2 نئے عالمی ریکارڈ تسلیم کر لیے

سفر کے دوران انہیں صرف فاصلوں کا نہیں بلکہ ویزوں، کاغذی کارروائی اور مختلف ممالک کے قوانین کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے سفر کو عام سیاحت کے بجائے ایک بڑا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بینی پرساد کی اس کامیابی کو خوب سراہا۔ کئی افراد نے ان کے 16 پاسپورٹ دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا اور انہیں ’سفر کی دنیا کا لیجنڈ‘ قرار دیا۔

بینی پرساد 6 اگست 1975 کو بنگلورو میں پیدا ہوئے۔ ان کی زندگی کا سفر بھی اتنا ہی متاثر کن ہے جتنا ان کا عالمی سفر۔ بچپن میں وہ شدید دمے اور صحت کے مسائل کا شکار رہے، تاہم موسیقی نے ان کی زندگی کو ایک نئی سمت دی۔

گٹارسٹ کی حیثیت سے انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں پرفارم کیا اور اپنے فن کے ذریعے لوگوں سے جڑے۔ ان کا کہنا ہے کہ مشکلات کے باوجود خواب پورے کیے جا سکتے ہیں۔

بینی پرساد کی کہانی صرف سفر کا ریکارڈ نہیں بلکہ مشکلات سے نکل کر اپنے مقصد تک پہنچنے کی ایک مثال بھی بن گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp