غروب آفتاب دیکھنا صحت کے لیے کیوں مفید ہے؟ نئی تحقیق میں دلچسپ فوائد سامنے آگئے

پیر 29 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دن بھر کی تھکن کے بعد غروب آفتاب کا دلکش منظر دیکھنا اکثر لوگوں کے لیے سکون اور راحت کا باعث بنتا ہے لیکن اب سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سورج ڈوبتے دیکھنا محض ایک خوبصورت تجربہ نہیں بلکہ یہ ہماری ذہنی اور جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خوشی، محبت و دیگر جذبات کے ہارمونز کونسے، یہ ہمارے دماغ پر کیسے حکومت کرتے ہیں؟

ماہرین کے مطابق انسان طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب کو زندگی کے ’قدرتی بک اینڈز‘ یا دن کے قدرتی آغاز اور اختتام کے طور پر محسوس کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ مناظر ہماری یادداشت، نیند، ذہنی سکون، تخلیقی صلاحیت اور حتیٰ کہ دوسروں کے لیے ہمدردی کے جذبات کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔

غروبِ آفتاب اور ذہنی سکون

ماہرین نفسیات کے مطابق غروب آفتاب انسان میں حیرت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ یہ وہ کیفیت ہے جو انسان کو کسی عظیم، خوبصورت اور ناقابل بیان منظر کے سامنے محسوس ہوتی ہے۔

امریکا کی ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی میں سماجی نفسیات کی پروفیسر مشیل شیوٹا کے مطابق حیرت کا احساس انسان کو اپنی ذاتی پریشانیوں اور مسائل کو ایک وسیع تر تناظر میں دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔

ان کے مطابق جب انسان کسی عظیم قدرتی منظر جیسے غروب آفتاب کو دیکھتا ہے تو اسے محسوس ہوتا ہے کہ اس کی روزمرہ کی بہت سی پریشانیاں دراصل اتنی بڑی نہیں جتنی وہ سمجھ رہا تھا۔

مزید پڑھیے: کیا نفسیاتی تھراپی عمر کے کسی بھی مرحلے میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی احساس انسان کو منفی خیالات کے چکر سے نکال کر حال کے لمحے میں واپس لے آتا ہے، جس کے نتیجے میں ذہنی دباؤ، اضطراب اور پریشانی میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

قدرتی مناظر اور انسانی دماغ

تحقیقی جائزوں سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر لوگ سب سے زیادہ حیرت انگیز جذبات قدرتی مناظر سے ہی محسوس کرتے ہیں۔

سنہ2023 میں ہونے والی ایک تحقیق میں 2,500 سے زائد افراد کی آرا شامل کی گئیں جس سے معلوم ہوا کہ غروب آفتاب اور طلوع آفتاب لوگوں میں حیرت اور جذباتی سکون پیدا کرنے والے سب سے طاقتور قدرتی مناظر میں شامل ہیں۔

کینیڈا کی یونیورسٹی آف ٹورنٹو کی محقق جینیفر اسٹیلر کے مطابق غروبِ آفتاب اپنی غیر معمولی خوبصورتی، وسعت اور رنگوں کی وجہ سے انسان پر گہرا نفسیاتی اثر چھوڑتا ہے۔

ان کے مطابق غروبِ آفتاب ایک ایسا منظر ہے جو انسان کو مکمل طور پر اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔

یادداشت اور ذہنی کارکردگی میں بہتری

تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حیرت کے جذبات انسان کی یادداشت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: لوگوں کے نام دماغ سے جلدی نکل جاتے ہیں تو یہ آسان ورزش کرلیں

ایک تجربے میں محققین نے مختلف افراد کو حیرت انگیز مناظر پر مبنی فلمیں دکھانے کے بعد ان کی یادداشت کا جائزہ لیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ حیرت محسوس کرنے والے افراد نے معلومات کو زیادہ درست انداز میں یاد رکھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ حیرت انگیز مناظر انسان کی توجہ کو مکمل طور پر اپنی جانب مرکوز کر لیتے ہیں۔

ذہنی دباؤ میں کمی

تحقیقات کے مطابق مستقل بنیادوں پر حیرت انگیز لمحات کا تجربہ کرنا ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

کوویڈ 19 وبا کے دوران کی جانے والی ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ جو لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں حیرت اور خوبصورتی کے لمحات کو محسوس کرتے تھے ان میں ذہنی دباؤ اور پریشانی کی سطح نسبتاً کم تھی۔

یہ بھی پڑھیے: انسانوں کے صرف 5 نہیں 33 حواس، نئی تحقیق نے صدیوں پرانا تصور چیلنج کردیا

ایک اور تحقیق میں بزرگ افراد کو ہفتہ وار چہل قدمی کے دوران قدرتی مناظر میں حیرت کے لمحات تلاش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 8 ہفتوں بعد ان افراد کے رویوں اور جذبات میں نمایاں مثبت تبدیلیاں دیکھی گئیں۔

جسمانی صحت پر اثرات

ماہرین کے مطابق حیرت کا احساس صرف ذہنی صحت ہی نہیں بلکہ جسمانی صحت پر بھی مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ زیادہ مثبت جذبات خصوصاً حیرت یا خوشی محسوس کرتے ہیں ان کے جسم میں سوزش پیدا کرنے والے کیمیائی اجزا سائٹوکائنز کی مقدار کم ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اجزا کی بلند سطح ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور ڈپریشن جیسے مسائل سے منسلک ہوتی ہے۔

غروب آفتاب اور بہتر نیند

ماہرین روشنی اور صحت کے مطابق سورج کی قدرتی روشنی کا نظام انسانی جسم کے قدرتی حیاتیاتی گھڑی کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

طلوع آفتاب جسم کو بیدار ہونے کا اشارہ دیتا ہے جبکہ غروب آفتاب جسم کو آرام اور نیند کے لیے تیار کرتا ہے۔

نیویارک کے آئیکان اسکول آف میڈیسن کی پروفیسر ماریانا فیگیرو کے مطابق غروبِ آفتاب کے دوران سرخ اور سنہری روشنی جسم میں تناؤ پیدا کرنے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح کم کرنے اور آرام دہ نیند کے لیے جسم کو تیار کرنے میں مدد دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: حقیقی بلوغت کی عمر کیا ہے، سائنس نے برسوں پرانا تصور چیلنج کر دیا

ان کے مطابق مصنوعی روشنی خصوصاً موبائل فون اور کمپیوٹر اسکرینوں سے خارج ہونے والی نیلی روشنی اس قدرتی نظام کو متاثر کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں نیند اور ذہنی صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

کیا غروب آفتاب انسان کو زیادہ مہربان بناتا ہے؟

تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حیرت کا احساس انسان میں دوسروں کے لیے ہمدردی اور مدد کے جذبات کو فروغ دے سکتا ہے۔

ایک تحقیق میں دیکھا گیا کہ وہ افراد جنہوں نے عظیم قدرتی مناظر کا مشاہدہ کیا بعد میں دوسروں کی مدد کرنے کے لیے زیادہ آمادہ نظر آئے۔

سائنس دان کیا کہتے ہیں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان شاید فطری طور پر طلوع آفتاب اور غروب آفتاب دونوں دیکھنے کے لیے ہی تشکیل پایا ہے۔

ان کے مطابق اگرچہ ہر شخص روزانہ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب نہیں دیکھ سکتا لیکن قدرتی روشنی کے ان لمحات کا تجربہ انسانی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیے: کیا سردیاں رومانس کا موسم لے آتی ہیں، اس دوران رومانٹک موڈ کے پیچھے کیا سائنس ہے؟

شاید یہی وجہ ہے کہ صدیوں سے انسان غروب آفتاب کو صرف ایک قدرتی منظر نہیں بلکہ سکون، امید اور خوبصورتی کی علامت سمجھتا آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ریاستی اداروں کے خلاف الزامات کا کیس: سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

پی آئی کی نجکاری کا عمل مکمل ہونا نئے دور کا آغاز، معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف

آزاد کشمیر: 2 کھرب 86 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش، تنخواہوں اور پینشن میں 7 فیصد اضافہ

مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم سپر ہِٹ ہوگئی، عالمی باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم

اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے 14 قیدی فرار، 4 کو دوبارہ پکڑ لیا گیا

ویڈیو

کروڑوں کی گاڑی میں آم فروخت کرنے والا تعلیم یافتہ نوجوان

شوق کی کوئی قیمت نہیں، کوئٹہ کے نوجوان نے چھت کو گلستاں میں تبدیل کردیا

آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی

کالم / تجزیہ

جس کے ذکر سے پہلے پلکیں اشکوں سے وضو کرتی ہیں

اردو کے مہان ادیبوں کی پسندیدہ ہیروئن

دوست احباب ’کرائے‘ پر دستیاب ہیں