عدنان صدیقی نے بانسری پر اے آر رحمان اور شنکر جے کشن کی مشہور دھنیں بجا کر صارفین کو حیران کردیا

جمعرات 2 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف اداکار عدنان صدیقی نے اپنی شاندار بانسری سے مداحوں کو ایک بار پھر متاثر کر دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اے آر رحمان اور لیجنڈری موسیقار جوڑی شنکر جے کشن کی دو معروف دھنوں کو بانسری پر یکجا کر کے موسیقی کے شائقین کو حیران کر دیا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں عدنان صدیقی نے مداحوں سے سوال کیا کہ کیا انہیں دونوں دھنوں میں کوئی مماثلت محسوس ہوتی ہے۔ اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’دو موسیقی کے شاہکار، دو مختلف ادوار۔ ایک استاد اے آر رحمان کی تخلیق اور دوسرا شنکر جے کشن کی لازوال دھن۔ دہائیوں کا فرق ہونے کے باوجود جب انہیں یکجا کیا جائے تو یوں لگتا ہے جیسے دونوں ایک ہی موسیقی کی زبان بول رہی ہوں‘۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Adnan Siddiqui (@adnansid1)

انہوں نے مزید لکھا کہ کیا یہ محض اتفاق ہے؟ کسی سے متاثر ہونے کا نتیجہ یا اس بات کا ثبوت کہ عظیم دھنیں وقت کی قید سے آزاد ہوتی ہیں‘؟ عدنان صدیقی نے مزاحیہ انداز میں اپنے پالتو طوطے کا بھی ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر پس منظر میں میرے طوطے ‘گڈے راجا’ کی سیٹیاں سنائی دیں تو اسے نظر انداز کیجیے گا۔

ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ صارفین نے نہ صرف عدنان صدیقی کی بانسری بجانے کی صلاحیت کو سراہا بلکہ دونوں دھنوں کے خوبصورت امتزاج کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیہ کا بانسری نواز موچی، فن وہنر کی انوکھی مثال

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ بانسری کی دلکش آواز اور پس منظر میں پرندوں کی چہچہاہٹ نے اس پیشکش کا حسن مزید بڑھا دیا۔ متعدد مداحوں نے عدنان صدیقی کو ’بادشاہ سلامت‘ کے لقب سے بھی مخاطب کیا جو ڈیجیٹل ریئلٹی شو تماشا میں ان کی میزبانی کے باعث مقبول ہوا۔

واضح رہے کہ عدنان صدیقی اداکاری کے ساتھ ساتھ بانسری نوازی کے شوق کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی کلاسیکی دھنوں، قومی نغموں اور ٹی وی ڈراموں کی مقبول دھنوں کی بانسری پر پیشکشیں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے ہیں جبکہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں بھی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp